کھیل

ایشیا کپ کے انعقاد پر ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے مذاکرات چل رہے ہیں، نجم سیٹھی

Share

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل پر مذاکرات چل رہے ہیں اور ہم نے ایشیا کپ دو سال بعد ہماری میزبانی میں منعقد کرنے کی پیشکش مسترد کردی۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’ری پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بابر اعظم کی قیادت کے حوالے سے کوئی کنفیوژن نہیں ہے، مکی آرتھر سلیکٹرز ور ڈیٹا کی بنیاد فیصلے ہوں گے، ابھی تک کوئی ایسا فیصلہ نہیں ہے جو بابر کے خلاف جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل پر مذاکرات چل رہے ہیں، وہاں بہت سے مسئلے ہیں، دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ اگر نیوٹرل مقام پر کھیلیں گے تو کہاں کھیلنا ہے، تیسرا مسئلہ یہ ہے کہ براڈ کاسٹ رائٹس کا تعلق ایک پروڈکشن ٹیم کے ساتھ ہے تو وہ ایک مسئلہ ہے جبکہ لاجسٹک مسائل بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سے کہا گیا کہ ایشیا کپ پاکستان سے منتقل کر سکتے، انہوں نے پیشکش کی تھی کہ آپ میزبان ہیں تو بنگلہ دیش یا سری لنکا کے ساتھ بدل لیں تاکہ نیوٹرل وینیو والی بات ہی نہ ہو اور دو سال بعد ان کی باری آئے تو وہ آپ لے لیجیے گا لیکن ہم نے اس پیشکش سے انکار کردیا۔

چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ ہم نے ابھی آئی سی سی ورلڈ کپ پر کوئی بات نہیں کی، ابھی ایشین کرکٹ کونسل سے بات چل رہی ہے اور اگر ہائبرڈ ماڈل کام کر جاتا ہے تو پھر بات آگے بھی بڑھ سکتی ہے لیکن بات ابھی وہاں تک پہنچی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے انڈیا میڈیا گیم کھیل رہا ہے کیونکہ وہ بی سی سی آئی کا حوالہ نہیں دیتا اور اسی لیے وہ یہ ساری باتیں کررہے ہیں کہ کولکتہ میں ہو گا، چنئی میں ہو گا، پاکستان مان گیا لیکن وہ یہ سب باتیں اپنی طرف سے کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب اپنی لیگ کراتا ہے تو اس کے انعقاد کا ممکنہ وقت وہی ہو گا، جب پاکستان سپر لیگ منعقد ہوتی ہے، ایسے میں ہم اپنے کھلاڑی نہیں دیں گے تو ہمارے لیے کافی چیلنجز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان لیگ میں صرف فرنچائز ہی بلکہ پورے پراجیکٹ کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے، ہمیں 10سال کے عرصے میں ٹیموں کی تعداد 8 تک پہنچانی تھی لیکن ہم بمشکل ایک ہی ٹیم کا اضافہ کر سکے ہیں تو 10سال کے بعد تمام ٹیموں کی مالیات کا دوبارہ سے اندازہ لگایا جائے گا۔

مکی آرتھر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ میری آج ہی مکی آرتھر سے بات ہوئی ہے، ان کی بابر، ہارون رشید سے بات چیت چل رہی ہے اور وکٹوں پر بھی گفتگو ہوئی ہے، مکی میراخیال ہے کہ 18تاریخ تک آجائیں گے جس کے بعد ان کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔