کووڈ-19 سے انتقال کرجانے والا شخص دو سال بعد گھر واپس لوٹ آیا، اہل خانہ حیران
بھارت میں انتہائی حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں دو سال قبل کووڈ-19 کے باعث انتقال کرجانے والا شخص کملیش پاٹیدار دو روز قبل واپس گھر لوٹ آیا، کملیش کو صحیح سلامت دیکھ کر اہل خانہ بھی حیران ہوگئے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی کی ریاست مدھیہ سے تعلق رکھنے والا 35 سالہ کملیش کی دو سال قبل کورونا کی وجہ سے موت کی تصدیق کے بعد آخری رسومات ادا کردی گئی تھیں۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ 2021 میں کووڈ-19 کی دوسری لہر کے دوران کملیش کورونا وبا سے متاثر ہوگیا تھا، طبعیت زیادہ خراب ہونے پر انہیں گجرات کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال میں طبی امداد ملنے کے باوجود کملیش انتقال کرگیا تھا اور اسپتال کے ڈاکٹرز نے بھی ان کی موت کی تصدیق کرلی تھی، یہی نہیں بلکہ کملیش کی لاش اسپتال سے وصول کرنے کے بعد اہل خانہ نے ان کی آخری رسومات بھی ادا کی تھیں۔
تاہم 15 اپریل کو کملیش صبح سویرے 6 بجے کے قریب اپنے گھر واپس لوٹا تو اہل خانہ حیران ہوگئے۔
کملیش کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ’کملیش گھر لوٹ آیا ہے، لیکن دو سال کے عرصے کے دوران وہ کہاں اور کس کے پاس رہا؟ اس حوالے سے کملیش نے اب تک کوئی معلومات شیئر نہیں کی ہیں‘۔
پولیس نے واقعے کے تحقیقات شروع کردی ہیں، کملیش کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد ہی تفصیلات معلوم ہو سکیں گی۔