چاند پر اترنے کی کوشش، جاپان کے پہلے نجی خلائی جہاز کا مشن ناکام
چاند پر اترنے کی کوشش کرنے والے جاپان کے پہلے نجی خلائی جہاز کا زمین سے رابطہ منقطع ہوگیا، نجی کمپنی کا کہنا ہے کہ خلائی جہاز کو چاند پر اترنے میں ناکامی کا سامنا رہا۔
شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی اسپیس کا کہنا ہے کہ خلائی جہاز Hakuto-R کی لینڈنگ سے 25 منٹ پہلے رابطہ منقطع ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر ہم چاند پر کامیاب لینڈنگ نہیں کرسکے
حکام کا کہنا ہے کہ وہ خلائی جہاز کے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے، اس مشن میں کوئی شخص سوار نہیں تھا کیونکہ یہ ایک ٹینس بال نما ایک ربورٹ تھا۔
آئی اسپیس کے بانی اور سی ای او تاکیشی ہاکاماڈا کا کہنا ہے کہ انہوں نے خلائی جہاز کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، ناکامی کی وجوہات جاننے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ خلائی جہاز دو میٹر لمبا اور 340 کلو گرام وزنی ہے، یہ گزشتہ ماہ سے چاند کے مدار میں تھا۔
اب تک صرف امریکا، روس اور چین ہی حکومت کے زیر اہتمام پروگرامز کے ذریعے چاند پر اترنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اپریل 2019 میں اسرائیل کی چاند پر بھیجی جانے والی خلائی گاڑی چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہو گئی ہے۔ یہ مشن نجی فنڈنگ سے بھیجا گیا تھا، مشن کی ناکامی کی وجہ انجن کی خرابی بتائی جا رہی ہے۔
بھارت نے بھی 2016 میں خلائی جہاز کے ذریعے چاند پر اترنے کی کوشش کی تھی لیکن خلائی گاڑی چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہو گئی تھی۔
رواں سال کے آخر میں دو امریکی کمپنیاں ایسٹروبیٹک اور انٹیوٹو مشین چاند پر اترنے کی کوشش کریں گی۔