سرچ انجن گوگل نے پاکستان میں گزشتہ برس گیمنگ گروتھ لیب کے قیام کے بعد ملک میں پہلی ایپ گروتھ لیب کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق یہ نئی لیب چار ماہ تک ورکنگ کرے گی جسے اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل ایسے ایپ ڈیویلپرز، اسٹوڈیوز اور کمپنیوں کی نشاندہی کے لیے تیار کیا گیا ہے جو اپنے کاروبار کی ترقی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لیب کا قیام پاکستان کی ایپ انڈسٹری کے مقامی اور عالمی سطح پر ترقی دینے میں مدد کے لیے گوگل کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
جامع تعلیم اور معاونت کے مراحل پر مشتمل یہ پروگرام ایپ ڈیویلپرز کو اشتہارات، ایڈموب، فائربیس، جی ٹیک اور پلے میں گوگل کے ماہرین کے علاوہ دیگر صنعتی ماہرین سے سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس بارے میں پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے لیے گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم آج اور مستقبل کے مقامی ڈیویلپرز کی مدد کے لیے ایپ گروتھ لیب کے قیام کا اعلان کر رہے ہیں جو انہیں اپنی پیشکشوں کو بین الاقوامی صارفین تک وسعت دینے میں مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ملک میں ڈیویلپرز کے لیے مستحکم ماحولیاتی نظام کے قیام میں مدد دینے کے لیے گوگل کی لگن کو ظاہر کرتا ہے، ہم اپنی جاری کوششوں کے ذریعے پاکستانی ڈیویلپرز کو دنیا کی بہترین ایپلی کیشنز بنانے میں ان کی مدد کی توقع رکھتے ہیں۔
ریجنل ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے کہا کہ ایپ گروتھ لیب کے چار بڑے مقاصد رکھے گئے ہیں، جس میں پہلا یہ کہ اپنی کمپنی کے لیے ہمہ جہت حکمت عملی ترتب دینے کی غرض سے مختلف بیرموں کو سمجھنے کے لیے عالمی ایپ اور گیمنگ کے مواقع دریافت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا مقصد یہ ہے کہ ایپ اور گیم پروڈکٹ کی تیاری کے لیے ایک ایسی سوچ استعمال کریں جس میں صارف کو مرکزیت حاصل ہو اور اپنی ایپ کی طویل مدتی کامیابی کے لیے اعلیٰ درجہ کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ تیسرا مقصد ابتدائی کامیابی کے لیے مختلف اقسام کی حکمت عملی تیار کرنا اور ان سے فائدہ اٹھانا، گوگل کے ٹولز سے زیادہ سے زیادہ فائدہ مستفید ہونا اور مالی فائدے کا ماڈل تیار کرکے قابل ستائش ترقی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوتھا مقصد مارکیٹ اور پلیٹ فارم کے تنوع کی حکمت عملیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ایپ کو دنیا بھرمیں مقبول بنانے کا علم حاصل کرنا ہے۔
اس حوالے سے گیم ڈسٹرکٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر سعد حمید نے کہا کہ گیم ڈسٹرکٹ کے لیے بلاشبہ گیمنگ گروتھ لیب پاکستان 2022 سب سے زیادہ آگاہی والے پروگراموں میں سے ایک پروگرام تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایپ گروتھ لیب کا پروگرام جون 2023 میں ہوگا اور چار ماہ تک جاری رہے گا، دلچسپی رکھنے والے ادارے، ایپ اور ڈیویلپمنٹ اسٹوڈیوز 22 مئی 2023 تک درخواست دے سکتے ہیں۔