صحتہفتہ بھر کی مقبول ترین

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ’رونا‘ ہماری صحت کیلئے کتنا مفید ہے؟

Share

چاہے کوئی مرد ہو یا عورت ’رونا‘ ایک نارمل فعل ہے جو آپ کے درد کو کم کرنے میں مددگار اور آنکھوں کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔

یہ ایک ایسا رویہ ہے جو دوسروں میں ہمدردی کا جذبہ پیدا کرتا ہے اس لیے جب آپ دکھ یا تکلیف میں ہوتے ہیں تو دوسرے لوگ آپ سے ہمدردی رکھتے ہیں۔

رونا کسی بھی انسان کے لیے کمزوری کی علامت نہیں ہے بلکہ اس عمل سے دماغ اور جسم پر فائدے مرتب ہوتے ہیں۔

رونے کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں درد یا تکلیف کا احساس، اداسی، غصے میں اور خوشی کے موقع پر بھی انسان کے آنکھوں سے آنسو نکل آتے ہیں۔

فوٹو: نیوز میڈیکل
فوٹو: نیوز میڈیکل

کوئی فلم دیکھتے ہوئے، پیاز کاٹتے ہوئے بھی آنسو نکل آتے ہیں۔

سائنسدان کہتے ہیں کہ رونے کے کئی فوائد ہیں لیکن محققین کا کہنا ہے کہ اس پر ہمیں مزید تحقیق کرنا ہوگی۔

آنسو کتنے قسم کے ہوتے ہیں؟

ہمارا جسم مسلسل کئی آنسوؤں کے قطر ے بناتا ہے، سائنس کے مطابق تین قسم کے آنسو ہوتے ہیں۔

بیسل (Basal ) آنسو: یہ آنکھوں کی حفاظت کرتے ہیں اور نم رکھنے میں مدد کرتے ہیں، یہ ہماری آنکھوں میں ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔

ریفلیکس (reflex) آنسو: یہ آنسو بڑی مقدار میں بنتے ہیں،یہ اس وقت نکلتے ہیں جب ہماری آنکھ میں دھول، مٹی، پلکیں چلی جائیں۔

جدباتی آنسو: یہ تب بنتے ہیں جب ہم غصے میں ہوں، اداس ہوں یا خوشی محسوس کررہے ہوں۔

آنسو میں زیادہ تر پانی ہوتا ہے لیکن ان میں نمک، فیٹی آئل اور 1500 سے زیادہ مختلف پروٹین بھی ہوتے ہیں۔

فوٹو: دی اوڈیسی میگزین
فوٹو: دی اوڈیسی میگزین

رونے کے فوائد

یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا کے مطالعے کے مطابق رونا یا آنسو نکلنا ہماری صحت کے لیے فائدہ مند ہے لیکن یہ چند عوامل پر منحصر ہے۔

درد کو کم کرتا ہے

زیادہ دیر تک رونے سے آکسیٹوسن (oxytocin ) اور اینڈوجینس اوپیئڈز (endogenous opioids) جاری ہوتے ہیں جسے اینڈورفنز (endorphins) کہا جاتا ہے، یہ آپ کو جسمانی اور جذباتی تکلیف کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، آکسیٹوسن آپ کو سکون کا احساس دیتا ہے۔

موڈ میں بہتری

بہت سے لوگ موڈ بہتر بنانے کے لیے مختلف کام کرتے ہیں مگر قدرت نے ہمیں موڈ بہتر بنانے کے لیے ایک نیچرل ذریعہ فراہم کیا ہے اور وہ ہے رونا۔

جذباتی توازن بحال کرتا ہے

رونا صرف اداسی سے منسلک نہیں ہے بعض اوقات آپ انتہائی خوشی، خوف یا دباؤ کی صورت میں روتے ہیں، ییل یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اس طرح رونے سے جذباتی توازن بحال ہوتا ہے، جب آپ ناقابل یقین حد تک خوش ہوتے ہیں یا کسی چیز سے خوفزدہ ہوتے ہیں اور روتے ہیں تو آپ اپنے جذبات اور احساسات کا سامنا کررہے ہوتے ہیں جو آپ کی صحت کے لیے مفید ہے۔

انسان کو کتنا رونا چاہیے؟

ٹلبرگ یونیورسٹی کے محققین کے مطابق امریکی خواتین اوسطاً ہر ماہ 3.5 بار روتی ہیں جبکہ امریکی مرد ہر مہینے تقریباً 1.9 بار روتے ہیں، ہر ملک کی شرح مختلف ہوتی ہے، مثال کے طور پر چین میں خواتین ہر ماہ صرف 1.4 بار روتی ہیں، بلغاریہ میں مرد ہر مہینے صرف 0.3 بار روتے ہیں۔

خطرے کی علامت

سائنسدانوں کے مطابق رونا صحت کے لیے مفید ہوسکتا ہے لیکن کچھ علامات ایسی ہیں جو انسانی صحت کے لیے خطرے کی علامت بن سکتے ہیں، جن میں:

اداسی یا ناامیدی یا مایوسی کے احساسات

بھوک میں تبدیلی، یا وزن میں کمی یا اضافہ

توانائی کی کمی

بہت زیادہ سونے یا سونے میں دشواری

موت یا خودکشی کے خیالات

اگر آپ بھی یہ محسوس کرتے ہیں تو ان صورتحال میں بہت زیادہ رونا صحت کے لیے نقصان دہ ہے، ایسی صورت میں آپ ڈاکٹر سے فوری رجوع کریں۔