وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کے شہر گووا روانہ ہو گئے۔
2011 کے بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر خارجہ نے اپنی روانگی سے قبل جاری ایک بیان کہا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم میں شامل ممالک کے ساتھ باہمی روابط کا منتظر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں گوا میں پاکستانی وفد کی قیادت کروں گا، اجلاس میں میری شرکت کا فیصلہ یہ واضح کرتا ہے کہ پاکستان ایس سی او اور اس کی رکنیت کو کتنی اہمیت دیتا ہے‘۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ’شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس پر مرکوز اس دورے کے دوران میں رکن ممالک اور دوست ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ تعمیری گفتگو کا منتظر ہوں‘۔
On my way to Goa, India. Will be leading the Pakistan delegation at the Shanghai Cooperation Organization CFM. My decision to attend this meeting illustrates Pakistan’s strong commitment to the charter of SCO.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) May 4, 2023
During my visit, which is focused exclusively on the SCO, I look… pic.twitter.com/cChUWj9okR
دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’بلاول بھٹو کراچی سے گوا روانہ ہوگئے ہیں‘، تاہم وزیر خارجہ کے ہمراہ جانے والے وفد کی تفصیلات فی الوقت دستیاب نہیں ہیں۔
آخری بار جولائی 2011 میں اس وقت کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے امن مذاکرات کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا، اس کے بعد یہ پاکستان کے کسی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بھارت ہے۔
FM @BBhuttoZardari departs from #Karachi to participate in the #SCO Council of Foreign Ministers. #PakFMatSCO pic.twitter.com/Xmut5uid9Q
— Spokesperson ?? MoFA (@ForeignOfficePk) May 4, 2023
بلاول بھٹو زرداری کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں روایتی حریفوں کے درمیان تعلقات کئی عوامل کے باعث تناؤ کا شکار ہیں۔
پاکستان نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ وزیر خارجہ اس دورے کے دوران اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ کوئی بالمشافہ ملاقات نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے اس دورے کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس دورے کو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی علامت کے طور پر تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔
وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی کوئی درخواست نہیں کی ہے، اس دورے کو شنگھائی تعاون تنظیم کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے جو 8 رکنی سیاسی اور سیکیورٹی بلاک ہے جس میں روس اور چین بھی شامل ہیں، پاکستان خود کو مزید تنہا کرنے کی اجازت بھارت کو ہر گز نہیں دے سکتا۔
وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر غور اور کچھ ادارہ جاتی دستاویزات پر دستخط کرنے کے علاوہ رواں برس 3 اور 4 جولائی کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی 17ویں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس کے ایجنڈے اور فیصلوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ کی دوست ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
بھارت نے دیگر وسطی ایشیائی ممالک کے علاوہ چین اور روس کے وزرائے خارجہ کو بھی دعوت نامے بھیجے ہیں، ایران شنگھائی تعاون تنظیم کا سب سے نیا رکن ہے اور وہ پہلی بار شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں باضابطہ رکن کے طور پر شرکت کرے گا۔