آسٹریلیا کے جنگل میں پھنسی عورت پانچ دن تک صرف شراب پر زندہ رہی
آسٹریلیا میں ایک جنگل میں پھنس جانے والی ایک 48 سالہ خاتون لالی پاپ اور شراب کی ایک بوتل پر پانچ دن تک رہی۔
لِلین اِپ نے اتوار کے روز ریاست وکٹوریہ کی گھنی جھاڑیوں میں ایک مختصر سفر کا آغاز کیا۔
لیکن ایک غلط موڑ لینے کے بعد وہ ایک ایسے راستے پر نکل گئیں جو آگے چل کر بند تھا اور ان کی گاڑی کیچڑ میں پھنس گئی۔
لِلین خود شراب نہیں پیتیں۔ مگر وہ کسی کو تحفے میں دینے کے لیے وائن کی بوتل گاڑی میں رکھ کر لے جا رہی تھیں۔
پانچ راتوں تک پھنسے رہنے کے بعد، جمعہ کے روز ایمرجنسی سروسز نے انھیں اس وقت ڈھونڈ نکالا جب ان کا ہیلی کاپٹر اس جگہ پر سے گزرا۔
نائن نیوز آسٹریلیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو والوں کو دیکھ کر ’سب سے پہلے مجھے’پانی اور سگریٹ ‘کا خیال آیا۔ خدا کا شکر ہے کہ خاتون پولیس اہلکار کے پاس سگریٹ تھی۔
میرا خیال تھا کہ’ میں وہیں پر مر جاؤں گی۔ جمعہ کے روز میرے جسم نے کام کرنا بند کر دیا اور میں ہار ماننے والی تھی۔‘
جب زندہ بچنے کی امید ختم ہو گئی تو انھوں نے اپنے گھر والوں کو ایک خط لکھا جس میں انھوں نے ان سے محبت کا اظہار کیا۔
وکٹوریہ پولیس کا کہنا ہے کہ لِلین قریبی قصبے سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ملیں اور صحت کے مسائل کی وجہ سے وہ زیادہ دور تک نہیں جا سکتی تھیں۔ اس لیے وہ اپنی کار کے ساتھ ہی رہیں۔
ان کے پاس کھانے کے لیے صرف چند توس اور لالی پاپ تھے، مگر پانی نہیں تھا۔
ووڈونگا پولیس سٹیشن کے سارجنٹ مارٹن ٹورپی نے بتایا کہ ’لِلین کے پاس شراب کی ایک بوتل تھی جو انھوں نے اپنی والدہ کے لیے تحفے کے طور پر خریدی تھی۔
’انھوں نے اپنی گاڑی کے پاس رہنے اور جنگل میں نہ جانے کا اچھا فیصلہ کیا جس سے پولیس کو انھیں تلاش کرنے میں مدد ملی۔‘
لِلین کے جسم میں پانی کی کمی ہو گئی تھی جس کے لیے انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔ جہاں صحتیاب ہونے کے بعد وہ میلبورن واپس چلی گئیں۔