فخر دیں ناز کردگار علی
سارے ولیوں کے تاجدار علی
ان کو زیبا لقب ہے شیر خدا
حق علی ہیں ہیں ذی وقار علی
مرتبہ کوئی ان کا کیا جانے
دین برحق کی ہیں پکار علی
دین کو جس نے سربلند کیا
ہے تمہارا وہ شاہکار علی
وار جس کا ہے برق کی صورت
آپ کی ہے وہ ذوالفقار علی
اس نے سجدے میں سر کٹایا ہے
ہے نمازوں کا افتخار علی
میری آنکھوں کی پیاس بجھ جائے
دیکھ لوں آپ کا دیار علی
ہر گدا ان کا کہہ رہا ہے فہیم
کس قدر ہیں کرم شعار علی