پاکستان

منی لانڈرنگ ریفرنس: نیب نے شہباز شریف، حمزہ شہباز کو بے گناہ قرار دے دیا

Share

قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر اعظم شہباز شریف، ان کے بیٹے حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو منی لانڈرنگ ریفرنس میں بے گناہ قرار دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج قمر الزمان نے نیب ریفرنس پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت نیب نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سپلیمنٹری رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی۔

بعدازاں احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں لاہور کی خصوصی عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی جانب سے بنائے گئے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کردیا تھا۔

اس کے علاوہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ مقدمے کا ضمنی چالان اسپشل سینٹرل کورٹ میں جمع کرایا تھا جس میں سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے ملزمان کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔

بعدازاں نیب نے بھی منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران گرفتاری مطلوب نہ ہونے کا بیان دیا تھا۔

منی لانڈرنگ ریفرنس

منی لانڈرنگ کے مذکورہ ریفرنس میں نیب نے شریف خاندان کے بے نامی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگانے کے دعویٰ کیا تھا جس کے ذریعے انہوں نے اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں اربوں کی جعلی ترسیلات وصول کیں، ان کے علاوہ غیر ملکی پے آرڈرز کے ذریعے اربوں روپے کی لانڈرنگ کی گئی جو ان کے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائے گئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان، بیٹی رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف عدالت کی جانب سے کارروائی میں پیش نہ ہونے پر مفرور قرار دیے گئے تھے۔

سلیمان شہباز نے کچھ عرصہ قبل ہی خود ساختہ جلاوطنی ختم کردی تھی اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس آگئے تھے۔

سلیمان شہباز ایف آئی اے میں درج منی لانڈرنگ کیس میں ملزم تھے جبکہ نیب نے انہیں آمدن سے زائد اثاثوں میں بھی نامزد کر رکھا ہے۔

انہیں دونوں مقدمات میں اشتہاری قرار دیا جاچکا تھا تاہم ان کی وطن واپسی سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب اور ایف آئی اے کو سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔

وزیر اعظم کے صاحبزادے نے احتساب عدالت میں سرنڈر ہونے کے بعد نیب کے منی لانڈرنگ کے ریفرنس میں عبوری درخواست ضمانت دائر کی تھی جسے منظور کرلیا گیا تھا۔

منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیر اعظم شہباز شریف، ان کے بیٹے حمزہ شہباز، بیٹی جویریہ علی کے علاوہ فضل داد عباسی، راشد کرامت، محمد عثمان، مسرور انور، نثار احمد، شعیب قمر اور قاسم قیوم سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے بری کیا جاچکا ہے۔