کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی مینز کرکٹ ٹیمیں اگلے موسم گرما میں آسٹریلیا کا دورہ کریں گی جہاں مردوں کے ٹیسٹ میچز دسمبر اور جنوری کے دوران ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فائنلسٹ آسٹریلیا کی مینز ٹیم پاکستان کے خلاف 14 دسمبر سے 7 جنوری تک تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی اور پھر ویسٹ انڈیز کے خلاف 17 جنوری سے 29 جنوری تک دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
پاکستان کے خلاف سیریز کا آغاز پرتھ میں ہوگا جس کے بعد میلبورن اور سڈنی میں باکسنگ ڈے اور نئے سال کے روایتی ٹیسٹ میچز ہوں گے۔
ٹیموں کے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے لیے برسبین روانہ ہونے سے قبل ویسٹ انڈیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں ہوگا۔
آسٹریلیا، اگلے سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔
آسٹریلیا کی ویمن ٹیم بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی اور اس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ملٹی فارمیٹ کی سیریز کا اختتام صرف ایک ٹیسٹ سے ہوگا، یہ ٹیموں کے درمیان کھیل کے طویل ترین فارمیٹ کا پہلا مقابلہ ہے۔