کھیل

آئی پی ایل فائنل کے دوران ایشیا کپ سے متعلق فیصلہ ہوگا، سیکریٹری بھارتی بورڈ

Share

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارت کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا ہے کہ احمد آباد میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل کے دوران ایشیا کپ کے حوالے سے فیصلہ ہوگا۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق جے شاہ نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان احمد آباد میں ہونے والے آئی پی ایل فائنل میں شرکت کریں گے جہاں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ 2023 سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل پر ہم ان کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی شریک نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ پی سی بی رواں برس ستمبر میں 8 ملکی ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا مگر بھارت نے شرکت سے انکار کردیا ہے جس کے بعد چند میچز ’ہائبرڈ‘ ماڈل کے تحت منعقد کروانے کی پیش کش کی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ بھی متاثر ہوئی ہے اور روایتی حریف ٹیمیں بیرون ملک عالمی ایونٹس میں ایک دوسرے کی مدمقابل ہوتی ہیں۔

پاکستان نے تنبیہ کردی ہے کہ اگر بھارت، ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے انکار کرے تو بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے، بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کرکٹ رواں برس اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے 15 مئی کو ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی کا حق کھویا تو رواں برس بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر بھارت چاہتا ہے کہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان سے باہر ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال بھارت میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ہونے والی 2025 کی چیمپئنز ٹرافی پر بھی اس کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ہم تمام میچوں کا غیر جانب دارانہ انعقاد چاہتے ہیں، بی سی سی آئی کو درست اور عقلی فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ ہمیں آگے بڑھنے میں کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

اب کا کہنا تھا کہ بھارت کو ایسی صورت حال کی طرف نہیں بڑھنا چاہیے جس سے ہم ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کریں اور پھر بھارت چیمپئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان سے ایشیا کپ کی منتقلی قابل قبول نہیں ہے اور اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اگر ورلڈ کپ ہوا تو پاکستان اس کا بائیکاٹ کرے گا اور اس بات کے حقیقی امکانات موجود ہیں۔