صحتہفتہ بھر کی مقبول ترین

’خوراک میں سبزی کا استعمال دل کی صحت کے لیے مفید‘

Share

ایک نئی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ خوراک میں سبزیوں کا زیادہ استعمال کرنے سے دل کی بیماری کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق چار دہائیوں پر مبنی اعدادوشمار کے مطابق خوراک میں سبزیوں کا استعمال دل کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔

ڈنمارک کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سبزی کھانے سے خون میں کولیسٹرول اور چربی کی سطح کم ہوتی ہے جو دل کے دورے کا سبب بنتے ہیں۔

تاہم ماہرین کا مانناہے کہ گوشت اور دودھ کے بھی لاتعداد فوائد ہیں، لیکن تمام گوشت صحت کے لیے مفید نہیں ہوتے۔

تحقیق میں 1982 سے لے کر 30 ٹرائل کا مشاہدہ کیا گیا جن میں مجموعی طور پر دنیا بھر سے تقریباً دو ہزار 400 افراد کو شامل کیا گیا، سائنس دانوں نے اس دوران ان افراد کی دل کی صحت کا جائزہ لیا جو اپنی خوراک میں سبزی کا استعمال کرتے تھے۔

فوٹو: دی گروسر
فوٹو: دی گروسر

یورپی ہارٹ جرنل میں شائع ہونے والے نتائج کے مطابق ان افراد میں کولیسٹرول کی سطح میں کافی حد تک کمی دیکھی گئی۔

خون میں کولیسٹرول میں اضافے سے خون کی نالیوں میں چربی پیدا ہوسکتی ہے جو دل کے دورے اور فالج کا سبب بن سکتی ہے۔

اس تحقیق کے مطابق خون میں تبدیلی اور دل کے دورے کے امکان کا جائزہ لینے کے لیے لوگوں کو طویل عرصے تک اپنی خوراک میں سبزیوں کا مسلسل استعمال کرنا لازمی ہوگا۔

لیکن پروفیسر فریک شمٹ کا کہنا ہے کہ سبزی پر مشتمل خوراک کا 15 سال تک مسلسل استعمال دل کی بیماری کے خطرے کو 20 فیصد تک کم کرسکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے اندازے کے مطابق دل کی بیماری سے ہر سال 18 لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

سبزی پر مشتمل خوراک کا استعمال کرنے سے صحت کے ڈھیروں فوائد ہونے کے باوجود پروفیسر فریک شمٹ نے خبردار کیا کہ خوراک میں سبزی کے استعمال کرنے کے باوجود ڈاکٹر کی جانب سے تجویز کی گئی دوائیاں کھانا بند نہ کریں کیونکہ وہ افراد پہلے ہی دل کی بیماری کے خطرے میں مبتلا ہیں۔