سائنس

انفینکس اسمارٹ 7 سیریز کے فونز پاکستان میں فروخت کے لیے پیش

Share

چینی اسمارٹ موبائل کمپنی ’انفینکس‘ نے اپنی اسمارٹ سیریز 7 کے دونوں فونز پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیا، جنہیں قیمتوں کے حوالے سے مناسب قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ انفینکس اسمارٹ 7 سیریز کے دونوں فونز میں طاقتور بیٹری دی گئی ہے اور محض 5 فیصد بیٹری چارجنگ ہونے کے بعد دو گھنٹے تک فون کالز پر بات کی جا سکے گی۔

کمپنی نے اسمارٹ 7 اور اسمارٹ 7 ایچ ڈی کے فونز کو 6۔6 انچ کی اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے۔

دونوں فونز کے بیک پر 13 میگا پکسل کے دو دو کیمرے دیے گئے ہیں اور کیمروں میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

دونوں فونز کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرے دیے گئے ہیں اور ان کے سینسرز کو بھی بہتر بنادیا گیا ہے۔

انفینکس اسمارٹ 7 اور اسمارٹ 7 ایچ ڈی میں 5 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری اور 33 واٹ کا فاسٹ چارجر دیا گیا ہے۔

دونوں فونز میں فنگرپرنٹ سینسر سمیت دیگر فیچرز بھی دیے گئے ہیں جب کہ اسمارٹ ایچ ڈی کی فوٹوگیلری کو زیادہ اسٹوریج کا حامل بنایا گیا ہے۔

فونز کو 4 جی بی ریم اور 128 اور 256 جی بی میموری ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے اور تمام ماڈیولز کی رقم مختلف رکھی گئی ہے۔

اسمارٹ 7 ایچ ڈی کو جہاں 4 جی بی ریم کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، وہیں اس میں 3 جی بی اسمارٹ ریم بھی دی گئی ہے اور اس میں کارڈ کے ذریعے میموری کو بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فونز کی باڈی کو اینٹی بیکٹیریل بنایا گیا ہے جب کہ اس میں سیکیورٹی فیچرز کو بھی بہتر بناکر اس میں ہیلتھ اپڈیٹس فیچرز کو بھی نمایاں کردیا گیا ہے۔

فونز کی قیمت ماڈیولز کے حساب سے الگ الگ رکھی گئی ہے اور اس کے سب سے کم میموری والے ماڈیول کی قیمت 27 ہزار روپے تک ہے جب کہ فون کی زیادہ سے زیادہ قیمت 31 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔

فونز کی قیمت ریم اور میموری کے حساب سے الگ الگ رکھی گئی ہے—فوٹو: کمپنی
فونز کی قیمت ریم اور میموری کے حساب سے الگ الگ رکھی گئی ہے—فوٹو: کمپنی