کھیل

’افغانستان نے دفاعی چیمپیئن کو پچھاڑ کر ورلڈ کپ کا پہلا میچ جیتا‘

Share

انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے 13ویں میچ میں ایک بڑا اپ سیٹ اس وقت ہوا جب ون ڈے رینکنگ میں 9ویں نمبر کی ٹیم افغانستان نے دفاعی چیمپیئن اور ’فیورٹس‘ قرار دیے جانے والے انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دی۔

انگلینڈ کی تین اہم وکٹیں حاصل کرنے والے مجیب الرحمان کو ’میچ کا بہترین کھلاڑی‘ قرار دیا گیا، جنھوں نے یہ ایوارڈ افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے نام کیا۔

جبکہ راشد خان نے اس اہم میچ میں سپورٹ کے لیے دلی والوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے سٹیڈیم میں افغانستان کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔

جہاں دلی میں افغانستان میں کی اس تاریخی جیت پر ٹیم کو کافی سراہا جا رہا ہے وہیں ورلڈ کپ میں دوسری شکست پر انگلینڈ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

’افغانستان نے دفاعی چیمپیئن کو پچھاڑ کر ورلڈ کپ کا پہلا میچ جیتا‘

میچ میں کب کیا ہوا؟

افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کپتان حشمت الله شاہدی نے بعد ازاں بتایا کہ انھیں لگتا تھا کہ اس ٹریک پر ’280 سے 290 رنز کافی ہوں گے۔‘

اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے 114 رنز کی شراکت کے ساتھ ٹیم کو بہترین آغاز دیا تاہم مڈل اوورز میں عادل رشید کی تین وکٹوں نے رن ریٹ پر بریک لگائی۔

گرباز 80 رنز جبکہ اکرام علی خیل 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ لوئر آرڈر کی کوششوں کی بدولت ٹیم 50ویں اوور میں مجموعی سکور 284 رنز تک لے جانے کے بعد آل آؤٹ ہوئی۔

جواب میں انگلینڈ کو پہلا جھٹکا دوسرے اوور میں لگا جب فضل حق فاروقی نے اوپنر جونی بیئرسٹو کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد سے انگلش بیٹنگ سنبھل نہ پائی اور یکے بعد دیگرے اس کی وکٹیں گِرتی چلی گئیں۔

افغان سپنرز بشمول مجیب، محمد بنی اور راشد خان نے انگلش بیٹرز پر دباؤ برقرار رکھا۔

ہیری بروک نے 66 رنز کی نمایاں باری کھیلی جبکہ مجیب اور راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی ٹیم 41ویں اوور میں 215 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور یوں افغانستان نے 69 رنز سے یہ میچ جیت لیا۔

’افغانستان نے دفاعی چیمپیئن کو پچھاڑ کر ورلڈ کپ کا پہلا میچ جیتا‘

سوشل میڈیا پر ایک طرف افغانستان کو سراہا جا رہا ہے تو دوسری طرف انگلش ٹیم کے لیے رواں ورلڈ کپ کے دوران بڑھتی مشکلات بیان کی جا رہی ہیں۔

انگلش کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن نے کہا ہے کہ ’انگلینڈ کی شروعات اچھی نہ رہی۔ پہلے 10 اوورز میں پانچ وائیڈز، نو بال، فری ہٹ۔‘

انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کو آج بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں مار پڑی۔ ’نیوزی لینڈ اور افغانستان دونوں نے انگلینڈ کو بُری طرح شکست دی ہے۔ اب ان کے پاس مزید غلطیوں کی گنجائش نہیں۔‘

مظہر ارشد نے بتایا کہ افغانستان کو ورلڈ کپ کے گذشتہ مقابلوں میں 14 بار شکست ہوئی تھی مگر اب ہار کا سلسلہ دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کے خلاف بڑی فتح سے تھم گیا ہے۔

کمٹیٹر ہرشا بھوگلے نے اسے افغان کرکٹ تاریخ کا ’سب سے بڑا لمحہ‘ قرار دیا جبکہ شعیب اختر نے تبصرہ کیا کہ یہ ٹیم ’جدید دور کی کرکٹ کھیلتی ہے۔ یہ آپ پہلے 10 اوورز میں ان کی بیٹنگ سے دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔‘

روحا ندیم نے تبصرہ کیا ہے کہ اس میچ کے دوران انگلش ٹیم سے کئی غلطیاں ہوئیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ افغانستان نے عمدہ کارکردگی نہیں دکھائی۔

افغان فین وژمہ ایوبی نے آج سٹیڈیم میں سپورٹ پر انڈین شائقین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر افغانستان کے ایک نوجوان فین کی تصویر بھی گردش کر رہی ہے جو اس فتح پر آبدیدہ ہوگیا اور اسے مجیب سے ہاتھ ملاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو اب ایک، ایک جیت کے ساتھ انگلینڈ پانچویں جبکہ افغانستان چھٹے نمبر پر ہے۔