Site icon DUNYA PAKISTAN

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس ساڑھے 6 سال بعد 53 ہزار کی بُلند ترین سطح پر

Share

صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہونے کے بعد دوسرے روز بھی مثبت رجحان جاری ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 10 بج کر 34 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 347 پوائنٹس یا 0.66 فیصد اضافے کے بعد 53 ہزار 4 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 52 ہزار 656.76 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا کہ ساڑھے چھ سال بعد بینچ مارک انڈیکس بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی اور سیاسی بے یقینی میں کمی سے مارکیٹ نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ سکتی ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ نے قابل ذکر سنگ میل عبور کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں عام انتخابات کی تاریخ دینے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 314.13 یا 0.6 فیصد اضافے کے بعد 52 ہزار 656.76 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے سربراہ رضا جعفری نے کہا تھا کہ معیشت پر زیادہ توجہ، آگے بڑھنے کے لیے مالیاتی معاملات سے متعلق مثبت امکانات اور آئی ایم ایف جائزے کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کی امید مثبت رجحان کے معاون عوامل ہیں۔

Exit mobile version