پاکستان

راولپنڈی پولیس: پی ٹی ایس کے پرنسپل ایس ایس پی ابرار حسین نیکوکارہ نے خودکشی کی

Share

راولپنڈی پولیس کی جانب سے روات میں پولیس ٹریننگ سکول (پی ٹی ایس) کے پرنسپل ایس ایس پی میاں ابرار حسین نیکوکارہ کی خودکشی کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

سی سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس کے مطابق بظاہر خودکشی اسلحہ کے ذریعے کی گئی ہے اور خود کشی کا نوٹ بھی جاۓ وقوعہ سے ملا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔

اس سے قبل، ایس ایچ او پولیس روات کاشف اقبال نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کو ابرار حسین نیکوکارہ مردہ حالت میں اپنے گھر پائے گئے تھے جس کے بعد ان کی لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

سی سی پی او راولپنڈی کے مطابق جائے وقوعہ کا جائزہ لیا جا چکا ہے اور پی ایف ایس اے کی ٹیم بھی موقع پر موجود ہے۔

ابرار حسین نیکو کارہ کی نماز جنازہ منگل کے روز صبح نو بجے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی پریڈ گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

ابرار نیکوکارہ

’ایک ہمدرد پولیس افسر‘

ابرار حسین نیکوکارہ پولیس سروس میں گریڈ 18 کے افسر تھے جو ماضی میں سی ٹی او فیصل آباد اور ڈی پی او خوشاب تعینات رہ چکے ہیں۔ وہ تاحال روات ٹریننگ سکول میں پرنسپل کے عہدے پر تعینات تھے اور چنیوٹ کے نواحی علاقے ہرسہ شیخ سے تعلق رکھتے تھے۔

ابرار نیکوکارہ کی موت پر سوشل میڈیا پر بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔

اعلی پولیس افسر تاجک سہیل نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا کہ ’ابرار نیکوکارہ ایک انسان دوست اور ہمدرد پولیس افسر تھے جو اب ہم میں نہیں رہے لیکن ہمارے دلوں میں ضرور رہیں گے۔‘

پولیس افسر

نیوز اینکر پرسن رحمان اظہر نے ایک پیغام میں کہا کہ ’ابرار گورنمنٹ کالج لاہور میں میرے کلاس فیلو تھے۔ وہ تقاریر کیا کرتے تھے اور نیو ہوسٹل میں میرے ساتھ رہتے تھے۔

’مجھے یقین نہیں آرہا کہ اب وہ ہم میں سے نہیں رہے۔ وہ خوش مزاج انسان تھے۔‘

پولیس افسر

سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ اعلیٰ سرکاری نوکریوں میں دباؤ کی وجہ سے پریشانی اور ڈپریشن ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

ایک صارف حسان خاور نے لکھا کہ یہ واقعہ انھیں ’ڈی سی گوجرانوالہ سہیل ٹیپو کی یاد دلاتا ہے۔ ہر طرف ڈپریشن پھیلا ہوا ہے اور کہیں بھی آگاہی نہیں۔ حکومتی سروس میں کام کرنے کا دباؤ ہوتا ہے۔‘

پولیس افسر

پاکستان میں اعلیٰ افسران کی پراسرار اموات کے واقعات

یہ پاکستان میں کسی اعلیٰ افسر کی پراسرار موت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل سنہ 2018 میں ڈی سی گوجرانوالہ سہیل ٹیپو پراسرار حالات میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

اس سے دو سال قبل بلوچستان میں ڈی پی او جعفر آباد جہانزیب خان کاکڑ نے مبینہ طور پر اپنے دفتر میں خودکشی کی تھی۔

ڈی پی او ننکانہ شہزاد وحید نے بھی 2011 میں مبینہ طور پر اپنے کمرے میں خودکشی کی تھی۔