Site icon DUNYA PAKISTAN

ورلڈ کپ میں شکست کے بعد بھارتی شائقین کی میکسویل اور ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور بیٹی کو دھمکیاں

Share

کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد آسٹریلوی کرکٹرز گلین میکسویل اور ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور بیٹی کو بھارتی شائقین کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

کرکٹ کا سب سے اہم ٹورنامنٹ ورلڈکپ 2023 اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے، 19 نومبر کو ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ٹیم بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف فائنل میچ کھیلا گیا تھا۔

فائنل میچ میں آسٹریلیا نے باآسانی بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، ٹورنامنٹ میں آسٹریلوی اوپنر ٹریوس ہیڈ نے نئی تاریخ رقم کی تھی۔

میگا ایونٹ میں ایک لاکھ سے زائد بھارتی تماشائیوں نے شرکت کی تھی، ٹریوس ہیڈ کی دھواں دھار بیٹنگ کے دوران اسٹیڈیم میں بیٹھے تماشائی خاموش ہوگئے تھے، بھارتی فینز کی جانب سے آسٹریلیوی کرکٹرز کو تقریباً نہ ہونے کے برابر سپورٹ حاصل تھی۔

شائقین کو ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہ ہارنے والی بھارتی ٹیم سے امید تھی کہ وہ اس بار فائنل ضرور جیتے گے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔

بھارت کی شکست کے بعد دلبرداشتہ شائقین نے اپنا غصہ سوشل میڈیا پر نکالا اور ٹریوس ہیڈ اور میکسویل کی اہلیہ اور بیٹی کو جان سے مارنے اور ریپ کی دھمکیاں دینی شروع کردیں۔

بھارتیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر آسٹریلوی کرکٹرز کے لیے نفرت انگیز تبصروں کا اعتراف میکسویل کی اہلیہ (بھارتی نژاد) وینی رامن نے بھی کیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر دورہ بھارت کے دوران لی گئی مختلف فیملی فوٹوز اور ویڈیوز شیئر کی اور ساتھ ایک نوٹ بھی پوسٹ کیا جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں فائنل کے بعد نفرت انگیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ انہیں ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایم) میں نفرت انگیز پیغامات موصول ہوئے ہیں، ’ یقین نہیں آ رہا کہ مجھے یہ کہنے کی ضرورت پیش آ رہی ہے کہ آپ بھارتی نژاد ہونے کے باوجود بھی اس ملک کو سپورٹ کرسکتے ہیں جہاں آپ پیدا ہوئے اور پرورش پائی۔’

انہوں نے مزید لکھا کہ ’سب سے اہم بات یہ ہے آپ اس ٹیم کو بھی سپورٹ کر سکتے ہیں جس ٹیم کی نمائندگی آپ کا شوہر یا آپ کے بچے کا باپ کر رہا ہو‘۔

وینی نے بھارتی ٹرولرز کو مشورہ دیا کہ دھمکی آمیز پیغامات لکھنے کے بجائے دنیا کے دیگر اہم مسائل پر توجہ دیں۔

ٹریوس ہیڈ اور میکسویل کی اہلیہ اور بیٹی کو دھمکیاں ملنے کے بعد کئی صارفین نے ٹرولرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’ٹریوس ہیڈ کی ایک سال کی بیٹی ہے، انہیں انسٹاگرام پر بھارتی کرکٹ شائقین کی جانب سے ریپ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، گلین میکسویل کی اہلیہ وینی رامن نے بھی ان دھمکیوں کے بارے میں انکشاف کیا ہے‘۔

ایک اور صارف نے وینی کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یقین نہیں آتا کہ کچھ بھارتی شہری ایسا سلوک کررہے ہیں، وہ اپنے شوہر کی ٹیم کو سپورٹ کر رہی ہیں اور اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ بھارتی ٹیم کی بے عزتی کر رہی ہیں، بڑے ہو جاؤ، ہاں ہم ورلڈکپ ہار گئے لیکن جیتنے والی ٹیم کو نفرت انگیز پیغامات بھیجنا غلط ہے‘۔

اسکائی نیوز کے مطابق آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے بھی کچھ دھمکی آمیز پیغامات کی تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

اس کے علاوہ کچھ لوگ اپنا غصہ آسٹریلین کرکٹر مچل مارش کی ایک تصویر پر بھی نکال رہے ہیں جس میں انہوں نے ورلڈ کپ ٹرافی پر اپنے دونوں پاؤں رکھے ہوئے ہیں۔

آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بھارتی شائقین کی جانب سے دھمکیاں ملنے کی خبروں کے بعد سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سندھ نے ایکس پر ردعمل دیتے ہوئےافسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’آسٹریلوی کرکٹرز کے اہلخانہ کو ٹرولنگ کا نشانہ بنائے جانے کی خبریں انتہائی افسوسناک ہیں، ہم نے اچھا کھیلا لیکن فائنل میں آسٹریلیا کی بہتر کرکٹ کھیلے جانے کی وجہ سے ہم ہار گئے، بس بات ختم، کھلاڑیوں اور ان کی فیملی کو ہراساں کیوں کیا جارہا ہے؟‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’تمام کرکٹ شائقین سے گزارش ہے کہ اس طرح کا رویہ بند کریں، عزت اور وقار زیادہ اہم ہیں۔‘

Exit mobile version