جب بھی ہری سبزیوں کا ذکر کیا جاتا ہے تو ان سبزیوں میں سے ایک سبزی پالک کا نام بھی آتا ہے۔ پالک گھروں میں پکائی جانے والی عام سبزیوں میں سے ایک ہے لیکن یہ سبزی اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتی ہے۔
پالک سے بہت سارے لذیز کھانے بنائے جاتے ہیں اور اسے مختلف طریقوں سے پکایا جاتا ہے کبھی پالک کو آلو میں شامل کر کے آلو پالک کی لذیذ ڈش تیار کی جاتی ہے اور کبھی پالک کو گوشت میں ڈال کر پکایا جاتا ہے جو سب ہی کھانا بہت پسند کرتے ہیں، پاکستان میں پالک پنیر بے حد مقبول پکوانوں میں سے ایک پکوان ہے۔
پالک میں بے شمار معجزاتی فوائد پائے جاتے ہیں، اس سبزی سے بنے کھانے آپ کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
بی بی سی نے ایک غذائیت کے ماہر جو لیون سے کہا کہ وہ غذائیت سے بھرپور ہرے پتے والی سبزی ’پالک‘ کے فوائد کی وضاحت کریں اور اس سے وابستہ غلط تصورات کو دور کریں۔
پالک ہے کیا؟
پالک کا تعلق سبزیوں اور پودوں کے کینوپوڈیسیائے Chenopodiaceae خاندان سے ہے، جس میں چقندر اور پلاک کے علاوہ کچھ سبزیاں شامل ہیں۔
پالک کی تین مختلف اقسام ہیں: میلانی پالک، نیم سیویارڈ پالک اور ہموار پتوں والی پالک۔
پالک کھانے کے فوائد:
غذائیت کے ماہر جو لیون کے مطابق پالک کھانے کے انسانی جسم کو دس بڑے فوائد ہیں:
- اچھی بصارت کو برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
- توانائی حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے
- دل کی صحت کے لیے مدد گار
- ہڈیوں کی صحت بہتر بنانے میں مددگار
- کینسر کے خلاف جنگ میں معاون ہوتی ہے
- حفاظتی اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات
- فائبر کا مفید ذریعہ
- وزن کو متوازن رکھنے میں مدد دیتی ہے
- زیادہ چکنائی والی خوراک کے مضر اثرات کو کم کر سکتی ہے
- دماغی صحت بہتر بنانے میں مدد گار
1: اچھی بصارت کو برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے
پالک فوائد سے بھری کان کی طرح ہے جو پودوں کے روغن (کلوروفیل اور کیروٹینائڈز) سے بھرپور ہے۔
سوزش ختم کرنے کی صلاحیت رکھنے کے علاوہ، اس پودے کے مرکبات بینائی کی صحت کے لیے اہم ہیں کیونکہ یہ آنکھ کے پردے کے انحطاط اور موتیا کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
2: جسم میں توانائی بڑھاتی ہے
پالک کو طویل عرصے سے ایک ایسا پودا سمجھا جاتا ہے جو توانائی کو بحال کرنے، قوتِ حیات بڑھانے اور خون کے معیار کو بہتر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کیونکہ اس میں آئرن یعنی فولاد کثرت سے پایا جاتا ہے۔
آئرن خون کے سرخ خلیوں کے کام میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے، پورے جسم میں آکسیجن کی نقل و حمل، توانائی کی پیداوار اور ڈی این اے کی ترکیب میں مدد کرتا ہے۔
پالک میں آکسالک ایسڈ نامی مرکب کی اعلیٰ سطح بھی ہوتی ہے، جو آئرن کے جذب میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ پالک کو کم وقت کے لیے پکانے سے ان اثرات کو کم کر سکتا ہے۔
3: دل کی صحت کے لیے ممکنہ مدد گار
پالک، چقندر کی طرح قدرتی طور پر نائٹریٹس نامی مرکبات سے بھرپور ہوتی ہے جو خون کی نالیوں کو آرام دے کر شریانوں کی سختی کو کم کرکے اور پھیلاؤ کو فروغ دے کر خون اور اعصابی دباؤ کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
بلڈ پریشر کو کم کرنے سے دل کی بیماری اور فالج کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ نائٹریٹ سے بھر پور غذائیں خاص طور پر سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک دل کے دورے سے بچنے کی اہلیت بڑھا سکتی ہیں۔
4: ہڈیوں کی صحت میں مددگار
پالک ’وٹامن کے‘ کے حصول کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کے لیے فائدہ مند میگنیشیم، کیلشیم اور فاسفورس کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
5: کینسر سے لڑنے میں معاون
سبزیوں سے بھرپور غذا بشمول پالک جیسی سبز پتوں والی سبزیاں ایک معمولی حفاظتی اثر رکھتی ہیں اور اس وجہ سے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ نباتاتی مرکبات سے بھری ہوتی ہیں جسے پولیفینول کہتے ہیں۔ ساتھ ہی ان کے وٹامن مواد، جو کینسر کے خلاف پالک کی حفاظتی خصوصیات کی وضاحت کر سکتے ہیں۔
6: حفاظتی اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات
پالک کے مرکبات کی طرح نباتاتی مرکبات کا فائدہ یہ ہے کہ وہ جسم کو آکسیڈیشن نامی عمل کے مضر اثرات سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔
وقت کے ساتھ، یہ عمل دائمی سوزش کا سبب بنتا ہے اور اس وجہ سے عمر سے متعلقہ امراض کا باعث بنتا ہے، جیسے دل کی بیماری اور کینسر۔