پاکستان میں آج تک کوئی وزیراعظم مدت پوری نہ کر سکا!

List of Prime Ministers of Pakistan Since 1947 (With Photos)

اسلام آباد -پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی تھے، جنہیں 16 اکتوبر 1951ء کو راولپنڈی میں قتل کیا گیا۔ انہوں نے 15 اگست 1947ء کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالاتھا۔ وزیر اعظم خواجہ ناظم الدین کو غیر قانونی اقدام پر اپریل 1953ء میں گورنر جنرل غلام محمد نے ہٹایا۔ 13 سال مارشل لاء کے بعد ذوالفقار علی بھٹو اقتدار میں آئے۔ وہ 1973ء کے آئین کی منظوری تک خصوصی بندوبست کے تحت صدر رہے۔ 1973ء کے الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے وزیراعظم بنے۔ جولائی 1977ء میں جنرل ضیاء الحق نے مارشل لاء کے ذریعے انہیں ہٹا دیا اور نواب محمد احمد خان کے قتل میں انہیں پھانسی کی سزا ہوئی۔

1985ء کے غیر جماعتی الیکشن میں محمد خان جونیجو پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ 29 مئی 1988ء کو سانحہ اوجڑی کیمپ راولپنڈی کے بعد ان کی حکومت کو برطرف کر دیا گیا۔ متحرمہ بے نظیر بھٹو دو مرتبہ اقتدار میں آئیں۔ پہلی مرتبہ 2 دسمبر 1988ء میں وزیر اعظم بنیں۔ غلام اسحاق خان نے بے نظیر کی حکومت کا 58 ٹو بی کے تحت 6 اگست 1990ء کو خاتمہ کیا۔

بینظیر بھٹو کے بعد میاں نواز شریف اقتدار میں آئے جو 1990ء میں پہلی بار وزیر اعظم بنے۔ ان سے 18 جولائی 1993ء میں زبردستی استعفیٰ لے لیا گیا۔ بے نظیر بھٹو دوسری مرتبہ 1993ء میں وزیر اعظم بنیں۔ اس وقت کے صدر فاروق لغاری نے نومبر 1996ء میں ان کی حکومت کا خاتمہ کیا۔

نواز شریف فروری 1997ء میں دوبارہ وزیر اعظم بنے لیکن 12 اکتوبر 1999ء کو پرویز مشرف نے ملک میں ایمرجنسی لگا کر نواز شریف کو اقتدار سے ہٹا دیا۔ پرویز مشرف کے تحت 3 وزرائے اعظم آئے جن میں میر ظفر اللہ خان جمالی 19 ماہ تک عہدے پر رہ سکے، پھر انہیں نے گھر بھجوا دیا گیا۔ چودھری شجاعت 2 ماہ کیلئے عبوری وزیرا عظم رہے جس کے بعد شوکت عزیز اگست 2004ء میں وزیرا عظم بنے۔ 2008ء کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تو یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم بنے۔ ان کو کرپشن کیسز ری اوپن کرنے کیلئے سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کی پاداش میں توہین عدالت کے کیس میں نااہل قرار دیا گیا۔ گیلانی 23 مارچ 2008ء سے 19جون 2012ء تک ملک کے وزیر اعظم رہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت کی باقی مدت راجہ پرویز اشرف نے پوری کی جو جون 2012ء سے مارچ 2013ء وزیر اعظم رہے۔

کہتے ہیں تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے، آج بھی ایسا ہی ہوا جب سپریم کورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل کر کے گھر بھیج دیا۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں کوئی وزیر اعظم بھی اپنی 5 سال کی مدت پوری نہ کر سکا :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *