Site icon DUNYA PAKISTAN

کرائم تھرلر فلم ’چکڑ‘ کا شاندار پریمیئر، ایڈوانس بکنگ جاری

Share

سسپنس، ڈرامے اور حقیقت پسندی سے بھرپور دریچے فلمز کی شاہکار ’چکڑ‘ کا کراچی میں ستاروں سے سجی شام میں پریمیئر منعقد ہوا، ظہیر الدین کی ہدایت کاری کا یہ پہلا شاہکار ہے۔

گزشتہ روز (20 دسمبرکو ) فلم کے پریمیئر کے موقع پر ناقدین اور آڈیئنس نے فلم کو قابل ستائش قرار دیا اور اداکار عثمان مختار، اشنا شاہ، فریال محمود، نوشین شاہ، سلیم معراج، علی شیخ، عدنان شاہ ٹیپو، ڈیبیو کاسٹ اور سپورٹنگ کاسٹ کی اداکاری کو سراہا۔

فلم میں پہلی بار ہدایت کاری کے کام سرانجام دینے والے ظہیرالدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلی فلم ہونے کے ناطے ’چکڑ‘ میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس کا یہ مقام ہمیشہ برقرار رہے گا‘۔

فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ ’میں فلم کا تمام کریڈٹ کاسٹ کو دوں گا جنہوں نے میرے نظریے اور سوچ کو سحر انگیز طریقے سے پیش کیا، مجھے یقین ہے کہ یہ فلم لوگوں کو ضرور پسند آئے گی، انڈسٹری کے ساتھیوں کا ردعمل دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے اور اب مجھے گرینڈ پبلک پریمیئر کا بے صبری سےانتظار ہے‘۔

قبل ازیں رائٹر اور ڈائریکٹر ظہیرالدین بتاچکے ہیں کہ ’چکڑ‘ ہمارے معاشرے کی اُن تلخ حقیقتوں کو بیان کرتی ہے جس کے بارے میں جانتے سب ہیں مگر انہیں نظر انداز کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

’چکڑ‘ میں حساس موضوعات اور حقیقی مناظر کی دلکش تصویر پیش کی گئی ہے ،جو مقامی فلمی انڈسٹری کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور نوجوان اداکاروں کو اپنے فن کا مظاہر ہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے ۔

’چکڑ‘ پنجابی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ’کیچڑ‘ ہے، مذکورہ فلم کی کہانی سماجی مسائل پر مبنی ہے،۔

یہ فلم 22 دسمبر 2023 سے پاکستان بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی جس کے لیے ایڈوانس بکنگ جاری ہے۔

Exit mobile version