ملتان میں سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر داماد اور نواسے سمیت ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
جاوید ہاشمی نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ رات ایک بجے پنجاب پولیس کے بیسیوں اہلکاروں نے مخدوم رشید کے علاقے میں میری رہائش گاہ کا محاصرہ کیا اور غیرقانونی طور میرے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے وارنٹ کے بغیر اندر داخل ہوگئے۔
انہوں نے لکھا کہ میرے داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو غیرقانونی طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کا رات 1 بجے بیسیوں اہلکاروں نے میری مخدوم رشید کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر لیا ہے اور غیر قانونی طور میرے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بلا وارنٹ اندر داخل ہوگئے۔ میرے داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو غیر قانونی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔…
— Javed Hashmi (@JavedHashmiJH) January 24, 2024
جاوید ہاشمی نے اپنی پوسٹ میں اپنی رہائش گاہ پر ہونے والی مبینہ توڑ پھوڑ کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر یہ چھاپہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ورکرز کنونشن کے دوران مارا گیا ہے جس میں مہر بانو قریشی اور زین قریشی کو بھی شرکت کرنا تھی، چھاپے کے دوران گرفتار ہونے والے زاہد بہار ہاشمی آزاد امیدوار ہیں۔
یاد رہے کہ 22 جنوری کو جاوید ہاشمی نے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ وہ کسی کے حق میں نہیں لیکن الیکشن سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنا سیاسی وزن تحریک انصاف کے پلڑے میں ڈالتے ہیں اور الیکشن سے دستبردار ہوتے ہیں۔