جمالیات

شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کے سیکوئل کا کام مکمل؟

Share

فنٹیسی اور سائنس فکشن فلموں کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ ہولی وڈ کے مایہ ناز فلم ساز جیمز کیمرون نے ایک دہائی قبل ریلیز کی گئی اپنی شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کے پہلے سیکوئل کی نصف شوٹنگ مکمل کرلی۔

جیمز کیمرون گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور گزشتہ برس اپریل میں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ ’اوتار‘ کا سیکوئل بنائیں گے۔

رواں برس اپریل میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایکشن ہیر ون ڈیزل بھی ’اوتار‘ کے سیکوئل میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ ون ڈیزل اور جیمز کیمرون ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

جیمز کیمرون کی جانب سے ’اوتار‘ کے بنائے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا گیا کہ شہرہ آفاق فلم کے سیکوئل کی 2019 کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی اور اب نئے سال میں فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔

اگرچہ ٹیم نے واضح نہیں کیا کہ فلم کی کتنی شوٹنگ مکمل ہوئی ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی نصف سے زائد شوٹنگ کو مکمل کرلیا گیا۔

ٹوئٹ کے ذریعے فلم کی ٹیم نے شوٹنگ کے دوران لی گئی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مذکورہ سین فلم کی 2019 کی شوٹنگ کا آخری دن ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ سال 2019 میں فلم کا آخری سین سمندر میں شوٹ کیا گیا ہوگا۔

اس بات کا بھی اعلان نہیں کیا گیا کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا اور اس کا پہلا ٹریلر کب تک سامنے آئے گا، اس سے قبل خبریں تھیں کہ ’اوتار‘ کے پہلے سیکوئل کو دسمبر 2020 تک ریلیز کیا جائے گا۔

سیکوئل فلم میں ون ڈیزل بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے—فوٹو: کامک بک
سیکوئل فلم میں ون ڈیزل بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے

سیکوئل فلم میں ون ڈیزل کے علاوہ کیٹ ونسلیٹ، سیم ورتھنگٹن، زوئے سالڈانا اور اسٹیفن لانگ سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

خیال رہے کہ جیمز کیمرون کی شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم ’اوتار‘ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی، فلم ساز نے اپریل 2018 میں ’اوتار‘ کے سیکوئل بنانے اور اسے ٹرائلوجی کی طرح بنانے کا اعلان کیا تھا۔

جیمز کیمرون نے اعلان کیا تھا کہ’اوتار‘ کو ٹرائلوجی کی طرح بنایا جائے گا، جس کے لیے ہر ٹرائلوجی میں 3 سے 4 فلمیں ہوں گی۔

کیٹ ونسلیٹ بھی سیکوئل میں دکھائی دیں گی—فوٹو: ڈیلی بیسٹ
کیٹ ونسلیٹ بھی سیکوئل میں دکھائی دیں گی

جیمز کیمرون نے وضاحت کی تھی کہ ’اوتار‘ کے سیکوئل کی کہانی پہلی فلم سے مختلف ہوگی اور اب اس سیریز کی فلمیں ایک خاندان کی طرح آگے بڑھیں گی۔

فلم ساز کے مطابق ’اوتار‘ کی پہلی ٹرائلوجی کے لیے مزید 4 سیکوئل بنائے جائیں گے، اور ہر فلم کی کہانی وہیں سے شروع ہوگی جہاں پہلی فلم کی کہانی ختم ہوگی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ فلم کے کردار وہی رکھے جائیں گے، فی الحال کرداروں کو نہیں بڑھایا جائے گا۔