ٹی وی کیمروں کے سامنے گرل فرینڈ کو قتل کرنے کا اعتراف
انڈیا کے شہر چندی گڑھ میں ٹی وی پروگرام کے دوران اپنی گرل فرینڈ سربجیت کور کو قتل کرنے کا انکشاف کرنے والے مانندر سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
27 برس کے مانندر سنگھ چندی گڑھ شہر کے ٹی وی چینل نیوز18 کے آفس گئے اور ایک کیمرا مین کو بتایا کہ وہ اقبال جرم کرنا چاہتے ہیں۔
ٹی وی عملہ انھیں سٹوڈیو لے گیا اور ان کے انکشاف کو نشر کر دیا اور ساتھ ہی پولیس کو بھی اطلاع دے دی۔
فلم جوکر سے مطابقت رکھنے والے اس واقعے نے میڈیا کے ضابطہ اخلاق پر بھی سوال اٹھا دیے ہیں۔
مانندر سنگھ نے ٹی وی پر بتایا کہ انھوں نے اپنی گرل فرینڈ کو اس وقت قتل کر دیا جب ان کا خاندان شادی پر راضی نہ ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اس وجہ سے اس واقعے کی ذمہ داری تسلیم کر رہے ہیں کیونکہ پولیس ان کے خاندان کو اس دن کے بعد سے تنگ کر رہی ہے جب وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ایک ہوٹل میں داخل ہوئے تھے اور اس کے بعد سربجیت کور کی لاش ملی تھی۔
اس وقت سے مانندر سنگھ مفرور تھے۔
چندی گڑھ پولیس کے ایک اہلکار نہا یادیو نے بی بی سی پنجابی کی اروند چھابڑا کو بتایا کہ مانندر سنگھ شہرت اور ہمدردی سمیٹنا چاہتے تھے اور وہ یہ بھی چاہتے تھے کہ کوئی وکیل ان کے مقدمے کی مفت پیروی کرے کیونکہ ان کے پاس وکیل کی خدمات حاصل کرنے کے لیے پیسے نہیں تھے۔
مانندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ان کی گرل فرینڈ سربجیت سنگھ کے خاندان نے ان کی مختلف ذات کی وجہ سے شادی سے انکار کیا۔
پنجاب پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ انھیں شبہ ہے کہ مانندر سنگھ نے ہریانہ میں اپنی ایک اور گرل فرینڈ کو بھی قتل کیا ہے۔