پاکستان کا دفاع کریں گے، چین کا مودی کی موجودگی میں اعلان

cheen

بیجنگ  : چین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ وہ برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزامات کے اعادہ سے گریز کریں۔ برازیل، روس، چین ، بھارت اور جنوبی افریقہ پر مشتمل گروپ کے سربراہان کا اجلاس3 تا 5 ستمبر چین کے شہر شیامن میں ہوگا۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچن ینگ نے دارالحکومت بیجنگ سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال بھارتی شہر گوا میں ہونے والے آٹھویں برکس سربراہ اجلاس میں بھی اس موضوع کو زیر بحث لانے کی کوشش کرتے ہوئے پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کے الزامات عائد کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی 9ویں اجلاس کے موقع پر اس طرزعمل کے اعادے سے گریز کریں کیونکہ ایسی صورت میں کانفرنس کی ناکامی کا اندیشہ ہے۔ چینی ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کی طرف سے گزشتہ سال کے طرزعمل کے اعادے کی صورت میں چین اپنے قریبی اتحادی پاکستان کا دفاع کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس سال ہونے والے برکس سربراہ اجلاس کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔ اجلاس میں یہ موضوع غیرمتعلقہ ہوگااور تمام متعلقہ فریقوں کو اس اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے چین سے قریبی تعاون کرنا چاہئے۔ چینی ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے انسداد کی کوششوں میں صف اول کے ممالک میں شامل ہے، اس نے اس مقصد کیلئے قربانیاں دی ہیں اورعالمی برادری کو پاکستان کی ان قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہئے، چین دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا کیونکہ یہ تمام فریقوں کے مفاد میں ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *