فیس بک کی جانب سے بہت جلد صارفین کو ڈیٹا کے حوالے سے زیادہ کنٹرول دیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں ایک کارآمد ٹول متعارف کرایا جارہا ہے۔
اس ٹول کی بدولت صارفین اپنے ڈیٹا یا میڈیا فائلز کو دیگر سروسز میں منتقل کرسکیں گے۔
اس فیچر کی بدولت صارفین اپنی فیس بک پر موجود تصاویر اور ویڈیوز کسی اور آن لائن سروس جیسے گوگل فوٹوز پر منتقل کرسکیں گے۔
درحقیقت کمپنی نے فی الحال گوگل فوٹوز سے ہی آغاز کیا ہے اور یہ گوگل، مائیکرو سافٹ، ٹوئٹر اور فیس بک کے درمیان طے پانے والے ڈیٹا ٹرانسفر پراجیکٹ کا حصہ ہے، جس کا مقصد ان سروسز کے درمیان اطلاعات کی منتقلی کو آسان تر بنانا ہے۔
یہ نیا اوپن سورس پراجیکٹ ڈیٹا ٹرانسفر پراجیکٹ، صارفین کو ان تمام پلیٹ فارمز کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کا آسان اور باسہولت آپشن فراہم کرے گا۔
اگر سب کچھ طے شدہ منصوبے کے مطابق ہوا تو صارفین کا ڈیٹا ایک سے دوسرے سروس میں بغیر ڈاﺅن لوڈ یا اپ لوڈ کیے منتقل ہوسکے گا۔
فیس بک کی جانب یہ ٹول فی الحال آئرلینڈ میں متعارف کرایا گیا ہے اور 2020 کی دوسری سہ ماہی تک یہ دنیا بھر میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ ٹول فیس بک سیٹنگز میں یور فیس بک انفارمیشن میں موجود ہوگا اور یہ تمام ڈیٹا انکرپٹڈ ہوگا۔
فیس بک کے مطابق آپ کو ڈیٹا منتقل کرنے سے پہلے اپنے پاس ورڈ کا اندراج کرنا ہوگا۔
گزشتہ سال انسٹاگرام نے بھی اس طرح کا ٹول متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔