مریم اورنگ زیب نے پی ٹی وی کی لٹیا ڈبو دی، ہیڈ کوارٹر کی عمارت نجی چینل کو دینے کا انکشاف

اسلام آباد۔ پاکستان ٹیلی ویثرن ایمپلائز یونین (سی بی اے) کے سرپرست اعلیٰ ملک شبیر احمد نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرکی عمارت نجی کمپنی کے حوالے کرنے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اورکہا ہے کہ مریم اورنگ زیب نے ایک نجی ٹی وی چینل کے مفادات کے تحفظ کے لیے پی ٹی وی کو ٹائی ٹینک بنا کر تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی جیسے قومی ادارے کی یہ تباہی ایک سوچی سمجھی سازش اور سکیم کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی تاریخ کی بدترین کارکردگی والی وفاقی وزیر مریم اورنگ زیب ثابت ہوئی ہیں جبکہ شیخ رشید اور قمر الزماں کائرہ اچھے وزیر کے طور پر مانے جاتے ہیں۔یونین کے عہدیداروں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے استدعا کی ہے کہ وہ پی ٹی وی کی تباہی کا فوری ازخود نوٹس لیں۔تاخیر ہوگئی تو قومی ادارہ تباہ ہوجائے گا۔آن لائن فورم میں پی ٹی وی ایمپلائز یونین کے سرپرست اعلیٰ ملک شبیر نے کہا کہ مریم اورنگ زیب نے اپنے دو سالہ دورِ اقتدار میں پی ٹی وی کو ساڑھے سات ارب روپے خسارے سے دوچار کر دیا ہے اور ادارے کی تباہی کو دیکھتے ہوئے وہ متعدد خطوط وزرائے اعظم اور صدور کو بھی لکھ چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر کی عمارت ایک نجی کمپنی کو دیے جانے کے حوالے سے گذشتہ دو سال سے خفیہ عمل جاری تھا جبکہ پی ٹی وی کی تباہی کی وجہ وزیر مملکت کی طرف سے نجی چینل کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔اسی لیے پی ٹی وی کی کارکردگی میں ایک ٹھہراؤ آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی سٹرکچنگ کمپنی میں نااہل اور غیر پیشہ ور لوگوں کو شامل کیا گیا ہے۔ وہ ایسے لوگ ہیں جو ٹی وی چینلز کا تجربہ بھی نہیں رکھتے۔مریم اورنگ زیب نے پی ٹی وی پر اپنی اجارہ داری برقرار رکھنے کے لیے گذشتہ دو سال سے ایم ڈی پی ٹی وی تعینات نہ کرکے ادارہ کو تباہ کردیا ہے۔یونین کے عہدیداروں نے کہا کہ ری سٹرکچنگ کمپنی کے ٹی اوآرز بھی ظاہر نہیں کیے گئے جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی غیر پیشہ ور افراد بھرتی کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی کے ہزاروں ملازمین ہیڈکوارٹرکی عمارت نجی کمپنی کو دیے جانے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور بہت جلد ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔یونین عہدیداروں نے کہا کہ ملک کا ایک اہم نجی چینل ڈی ٹی ایچ پر کنٹرول سنبھالنے کے لیے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر کی عمارت پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اس نجی چینل کا مالک دس گھنٹے تک اس عمارت میں افسران سے ملاقاتیں کر تا رہا ہے۔نجی چینل کا واحد مقصد یہ ہے کہ پی ٹی وی کے سیٹ اپ اور آلات کا استعمال کرسکے تاکہ مستقبل میں میڈیا کی دنیا پر اپنا تسلط جما سکے کیونکہ اب صرف پی ٹی وی ہی سپورٹس رائٹس حاصل کرنے کا اختیار رکھتاہے جبکہ نجی چینلز یہ رائٹس حاصل کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں رکھتے۔اس مقصد کے لیے نجی چینل پی ٹی وی کی عمارت پر قبضہ جما کر معاملات اپنے کنٹرول میں لانا چاہتا ہے۔یونین عہدیداروں نے کہا کہ مریم اورنگ زیب نے پی ٹی وی کو تباہی کے دہانے پر لانے کے ساتھ ساتھ اپنی سیاسی جماعت کی ساکھ کو بھی بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر کی عمارت کو نجی کمپنی کو دیے جانے کے خلاف ہمارے مقدمات اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہیں جن پر جلد فیصلہ ہونا چاہیے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *