غیرممالک اور بین الاقوامی ایجنسیاں پا کستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز آ جائیں: جنرل راحیل کا انتباہ

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کا پوری طرح مقابلہ کیا جائے گا جبraheel کہ بیرونی قوتیں دہشت گردوں کی مدد کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ کا دورہ کیا جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ، گورنر محمد خان اچکزئی اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ سے ملاقاتیں کیں جس میں انہوں نے بلوچستان میں سلامتی سے متعلقہ خطرات کا ذکر کیا اور اس بات پر زور دیاکہ اس وسیع وعریض صوبے میں امن و امان کے لیے سول و فوجی قیادت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک جامع طریقہ کار اپنائیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف  نے گزشتہ دنوں تربت میں مزدوروں کے ظالمانہ قتل کی مذمت کی جب کہ جنرل راحیل شریف نے صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال میں واضح بہتری پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف بھی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک دشمن قوتوں کا پوری طرح مقابلہ کیا جائے گا،بیرونی قوتیں اور بین الاقوامی ایجنسیاں دہشت گردوں کی مدد کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن اور خوشحالی کے لیے بلوچ عوام کے ساتھ ہیں، دہشت گردوں کے مددگاروں کو منہ کی کھانا پڑے گی،ریاستی رٹ کی بحالی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے جب کہ  دہشت گردوں ان کے ہمدردوں اور ان کے معاونین کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف سے اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں قومی سلامتی امور اور بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس دوران وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *