این اے 246، الیکشن کمیشن کا بائیو میٹرک انتخاب سے انکار

ecpالیکشن کمیشن نے کراچی کے حلقہ این اے 246 میں 23 اپریل کو ہونے والا ضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے سے معذوری ظاہرکردی ہے۔
الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ تکنیکی وجوہات کی بناء پرضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت نہیں کرا سکتے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کیلئے قانون میں تبدیلی ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ وقت کی کمی بھی در پیش ہے۔ بائیو میٹرک ںظام موجودہ نظام سے بالکل مختلف ہے جس کے تحت ووٹر براہ راست انگوٹھے کے نشان کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرتا ہے اس لیے اتنی قلیل مدت میں جبکہ الیکشن میں 4 روز باقی ہیں این اے 246 کا ضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت نہیں کرایا جا سکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں این اے 246 کا ضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، سیکرٹری داخلہ، حساس اداروں کے افسران اور صوبائی وزراء شریک ہوئے تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *