کھیل

پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد

Share

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ پہنچی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کی قیادت میں وفد نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم کو لاہور ایئرپورٹ کے خصوصی ٹرمینل سے سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

ہوٹل پہنچنے پر بنگلادیشی کپتان محمود اللہ سمیت کھلاڑیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے، جبکہ ہوٹل میں موجود افراد نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو پاکستان پہنچنے پر خوش آمدید کہا۔

سری لنکا کے آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے اور نیوزی لینڈ کے کمنٹیٹر ڈینی مورسن بھی لاہور پہنچ گئے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 23 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹرافی کی رونمائی بھی جمعرات کو ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 24 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔