نواز شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام ہے: سعد رفیق

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہناہے کہ نواز شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے وفاقی حکومت کے نوازشریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے فیصلے پر کڑی تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس ہی میں نواز شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام ہے، میاں نواز شریف کو ای سی ایل پہ رکھنا عمران حکومت کے لیے دردِسر بن جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران کے مشرفی مشیر انہیں کہیں کا نہیں چھوڑیں گے، اُنہیں احتساب کے نام پر مخالفین سے بِھڑ کر ہیرو بن جانے کےمشورے دیئے جارہے ہیں، یاد رکھا جائے یہاں وزرائے اعظم کا آنا مشکل اور جانا بہت آسان ہے۔

عثمان ڈار کی گفتگو

دوسری جانب جیونیوز کے پروگرام آپس کی بات میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت پر ہماری حکومت سے پہلے کےکیسز چل رہے ہیں، عمران حکومت میں کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے تو نیب سمیت دیگر اداروں کو طاقتور،آزاد ور خود مختار بنانے کی بات کی ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *