دھاندلی کا تحقیقاتی کمیشن بننے تک کوئی کارروائی نہیں چلنے دیں گے، شہباز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بننے تک کوئی کارروائی چلنے نہیں دیں گے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عوام کے ووٹوں کی نہیں بلکہ دھاندلی کی پیداوار ہیں، اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں بھی دھاندلی کا رونا رہی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سترہ اگست کو وزیراعظم کے انتخاب والے دن قومی اسمبلی میں عمران خان نے دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی پارٹی کمیشن بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ جلد کمیشن کا اعلان کروں گا، تاہم تین ہفتے ہوگئے تاحال کمیشن نہیں بنایا گیا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمانی کمیشن بننے تک کسی کارروائی کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے، عوام دشمن اقدامات کی اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور مزاحمت کریں گے، دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے اور آئندہ انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کیلئے تجاویز پیش کی جائیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کے پہلے 20 دن میں گیس، بجلی اور کھاد کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا، اس سے کروڑوں خاندانوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے، حکومت کو زیادتی و ظلم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ن لیگ کی حکومت میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی تھی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *