پشاورمیں طوفانی بارش اور آندھی، ‬‎44 افراد جاں بحق، 200 سے زائد زخمی

rain and windپشاور، چارسدہ، نوشہرہ اوردیگر علاقوں میں شدید بارشوں، طوفانی آندھی اور ژالہ باری سے تباہی مچ گئی، درجنوں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں جس سے بچوں اور خواتین سمیت44 افراد جاں بحق اور200 سے زائد زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں شدید بارش، طوفان اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی، 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی بارش اور آندھی نے گھروں کو ملیامیٹ کردیا،فصلیں برباد ہوگئیں، جگہ جگہ درخت، سائن بورڈ اور بجلی کے کھمبے گرگئے جس سے گھنٹوں روڈ بلاک رہے، مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا، پشاور میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 20 افراد جاں بحق اور80 زخمی اور35مکانات تباہ ہوگئے، واحد گڑھی میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 بھی بچے جاں بحق ہوئے۔ طوفان سے پشاور اسلام آباد موٹر وے پر ٹول پلازہ بھی گرگیا۔ پخہ غلام کے علاقے میں بارش اور تیز آندھی سے30 فیصد گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں۔
چارسدہ میں چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ نوشہرہ میں چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے،شب قدر میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے3خواتین سمیت 4 جاں بحق اور ماں بیٹی زخمی ہوگئیں۔ غریب آباد میں نیاز محمد اور اس کی اہلیہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے، اوچہ ولہ میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ شب قدر میں گھروں کی دیواریں گرگئیں، چارسدہ کے علاقے گل آباد حسن خیل میں مسجد کی دیوار گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
نوشہرہ میں جلوزئی متاثرین کیمپ میں بھی کئی خیمے اکھڑ گئے، جلوزئی میرہ جی میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں5 افراد زخمی بھی ہوئے، تحصیل پبی میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے4 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے، ژالہ باری نے40سالہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں تیز آندھی کی رفتار70 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں پشاور، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *