کرکٹ کے ’’جرائم‘‘ پر سزائیں سخت کر دی گئیں

دبئی: کرکٹ کے ’’جرائم‘‘ پر سزائیں سخت کر دی گئیں، آئی سی سی نے نیا کوڈ آف کنڈکٹ نافذ کر دیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے چند نئے جرائم اور ان کیلیے سخت سزائوں کی خاطر موجودہ کوڈ آف کنڈکٹ میں تبدیلی کردی گئی ہے، ان کی منظوری ویسے تو رواں برس سالانہ بورڈ میٹنگ کے دوران دیدی گئی تھی مگر نفاد اب ہوگا۔

کسی بھی غلط طریقے سے ناجائزہ ایڈوانٹیج حاصل کرنے کی کوشش لیول 2 اور 3 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آئے گی، دوسروں کو ذاتی نوعیت کی گالم گلوچ پر بھی لیول 2 اور 3 لاگو ہوں گے۔ بدزبانی پر لیول ون اور بال ٹیمپرنگ پر اب لیول 3 کے تحت سزا ملے گی، لیول 3 میں سزا 6 ٹیسٹ یا پھر 12 ون ڈے میچز کے برابر ہوگی۔

اسی طرح اب میچ ریفری ہی لیول ون، 2 اور 3 کے حوالے سے سماعت خود کرینگے، جوڈیشنل کمیشن صرف لیول 4 کے چارجز اور اپیل کے حوالے سے سماعت کریگا۔

واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 اب ایک برس سے بھی کم کی دوری پر ہے، اس لیے آئی سی سی نے موجودہ پلیئنگ کنڈیشنز میں کوئی بہت بڑی تبدیلی نہیں کی، البتہ ون ڈے میں شق 11.4، 11.7 اور ٹیسٹ میں 12.8 کے تحت اگر کوئی میچ اپنے اختتامی مراحل میں ہوگا تو اسے وقفے سے پہلے ہی ختم کرنے کی کوشش ہوگی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *