جنسی ہراس: گوگل کی دو برس میں درجنوں ملازمین برخاست کرنے کی تصدیق

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کا کہنا ہے کہ اس نے سنہ 2016 سے جنسی ہراس کے الزام میں 13 سینیئر مینیجرز سمیت 48 افراد کو ملازمت سے فارغ کیا ہے۔

اپنے ملازمین کے نام ایک خط میں کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو سندر پچائی نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی قابل اعتراض رویے کے خلاف ’سخت اقدام‘ کر رہی ہے۔

یہ خط اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے اس الزام کے جواب میں تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انڈروئیڈ کے خالق اینڈی روبن کو بداخلاقی کے الزامات کے باوجود نو کروڑ ڈالر کا ایگزٹ پیکج دیا گیا ہے۔

اخبار کے مطابق اینڈی روبن کے ترجمان نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

اینڈی روبن کے ترجمان سیم سنگر کا کہنا تھا کہ اینڈی روبن نے سنہ 2014 میں اپنی ٹیکنالوجی فرم ’پلے گراؤنڈ‘ متعارف کروانے کے لیے گوگل چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اخبار کے مطابق جب وہ رخصت ہوئے تو انھیں ایک ’ہیرو کی طرح الوداع‘ کیا گیا۔

سندر پچائی کا خط میں کہنا ہے کہ نیویارک ٹائمز کی خبر ’پڑھنے میں تکلیف دہ‘ تھی اور گوگل کام کے لیے محفوظ جگہ فراہم کرنے کے حوالے سے ’انتہائی سنجیدہ‘ ہے۔

انھوں نے لکھا کہ ’ہم آپ کو باور کروانا چاہتے ہیں کہ ہم جنسی ہراس یا غیراخلاقی رویے سے متعلق ہر شکایت کا جائزہ لیتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو برسوں میں ملازمت سے فارغ کیے جانے والے کسی بھی ملازم کو ایگزٹ پیکج نہیں ملا۔

اینڈی روبن
اینڈی روبن نے سنہ 2014 میں گوگل کو خیرباد کہا تھا

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے دو ایگزیکٹیوز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سنہ 2013 میں اس وقت کے چیف ایگزیکٹیو لیری پیج نے اینڈی روبن کو اس وقت مستعفی ہونے کو کہا جب کمپنی کو ایک خاتون ملازمہ کی جانب سے ایک ہوٹل کے کمرے میں جنسی ہراس کی شکایت کی تصدیق ہوئی۔

اخبار کے مطابق گوگل کی تحقیقات سے ثابت ہوا کہ خاتون کی شکایت قابل یقین تھی تاہم کمپنی نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

اینڈی روبن نے کہا ہے کہ وہ غیراخلاقی عمل میں ملوث نہیں تھے اور انھوں نے گوگل اپنی مرضی سے چھوڑا۔

دوسری جانب گوگل کی مالک کمپنی ایلفابیٹ کے حصص تین فیصد سے زیادہ کمی دیکھی گئی جب اس نے ستمبر تک تین ماہ میں 33.7 ارب ڈالر آمدن ظاہر کی، جوکہ ماہرین کے مطابق توقع سے تھوڑی کم ہے۔

تاہم منافع 2.5 ارب سے 9.2 ارب ڈالر تک بڑھا جو توقع سے کہیں زیادہ تھا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *