شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے بیٹے کا دنیا کو پہلا سلام

رواں سال اکتوبر میں پاکستان کے نامور کرکٹر شعیب ملک اور ان کی ٹینس اسٹار اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

30 اکتوبر کو شعیب ملک نے ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں لڑکے کی پیدائش ہوئی ہے اور ان کی اہلیہ بھی ٹھیک اور مضبوط ہیں۔

اور اب اذہان مرزا ملک کی پہلی تصویر بھی اس جوڑے نے شیئر کردی ہے۔

شعیب ملک نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام جبکہ ثانیہ مرزا نے بھی انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنے بیٹے کی پہلی تصویر جاری کی اور دونوں نے ایک ہی جملہ لکھا ' تیزرفتاری سے زندگی گزارنے کا اپنا مزہ ہے، اب دنیا کو ہیلو کہنے کا وقت آگیا ہے'۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چند دن پہلے ثانیہ مرزا پوچھا گیا تھا وہ اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر بیٹے کی تصاویر کیوں شیئر نہیں کررہی تھیں تو انہوں نے جواب دیا تھا 'اسے بری نظر سے بچانا چاہتی ہوں، آپ اسے کچھ قدامت پسندی یا مضحکہ خیز قرار دے سکتے ہیں مگر میرا ماننا ہے کہ بری نظر ہوتی ہے، وہ بڑا ہونے پر لوگوں کی توجہ حاصل کرے گا، شعیب اور میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اس کا ہر ممکن حد تک تحفظ کرنا چاہئے، ہم اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرنا چاہتے، ہمیں لگتا ہے کہ وہ ابھی اس کے لیے بہت چھوٹا ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں لوگوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بچوں کی تصاویر پوسٹ کرنے کو برا سمجھتی ہوں، ہر ایک کی اپنی سوچ ہوتی ہے'۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 8 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی۔

شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے۔

دونوں کی بطور جوڑا مستقل رہائش گاہ اگرچہ دبئی میں ہی ہے، تاہم اپنے اپنے پروفیشن کی مصروفیات کے باعث شعیب اور ثانیہ زیادہ تر اپنے اپنے ممالک میں رہتے ہیں۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *