سپریم کورٹ: تمام اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد کمی کا تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 5 ہزار یا اس سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکولوں کو فیسوں میں 20 فیصد کمی کا حکم جاری کردیا۔

عدالتِ عظمیٰ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسکولوں کی فیسوں میں کمی سے متعلق کیس میں تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں اسکولوں کو حکم دیا گیا ہے کہ ملک بھر کے تمام ایسے اسکول جو 5 ہزار سے یا اس سے زائد ماہانہ فیس وصول کرتے ہیں وہ اپنی فیسوں میں 20 فیصد کمی کے پابند ہوں گے۔

عدالت عظمیٰ کے تحریری فیصلے کے مطابق اس حکم نامے کا اطلاق ملک بھر کے تمام اسکولوں پر ہوگا۔

عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے اسکول جن کی فیس پہلے ہی 5 ہزا سے کم ہے ان پر فیس میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

عدالت کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے تمام والدین اور طلبہ اسکولوں میں 20 فیصد کم فیس جمع کروائیں گے، تاہم عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے والدین کے خلاف دسپلینری ایکشن لیا جائے گا.

عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ فیس میں کمی سے متعلق فیصلے سے اسکالر شپس اور اسکولوں کی سہولیات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اساتذہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے عدالت کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں تعلیم دینے والے اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی کمی نہیں کی جائے گی.

عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ قبضے میں لیے گئے اسکولوں کے ریکارڈ کی نقول بنا کر انہیں اسکولوں کو واپس کرے.

علاوہ ازیں ایسے اسکول جنہوں نے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے والدین کو تضحیک آمیز خطوط لکھے ہیں انہیں نوٹس بھی جاری کردیا گیا، جبکہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 13 دسمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کا حکم دیتے ہوئے گرمیوں کی چھٹیوں کی فیسں بھی واپس کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *