کنگنا رناوت کی بایوپک بالی وڈ میں کئی بم پھوڑے گی

بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت آج کل کافی غصے میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں انھیں نظر انداز کیا جاتا ہے اور ان کے کام کی تعریف میں لوگ کنجوسی کرتے ہیں، جس کے جواب میں انڈسٹری کے کئی ستاروں نے فلم ’منی کارنیکا‘ میں ان کے کام کی تعریف کی۔

ویسے آجکل کیا وہ اکثر ہی غصے میں رہتی ہیں اور لوگو ں کو آئینہ دکھانے کا کام بخوبی کرتی ہیں لیکن اب انہوں نے کچھ لوگوں کو آئینہ دکھانے کا ایک دھماکے دار طریقہ نکالا ہے۔ کنگنا اب اپنی زندگی پر یعنی اپنی ہی بایو پِک بنانے والی ہیں۔

’میں اسے دھماکے دار طریقے سے اس لیے بتا رہی ہوں کیونکہ اس کے بعد کئی بم پھٹیں گے۔‘ کنگنا نے واضح کیا ہے کہ اس فلم کو وہ خود ہی ڈائریکٹ کریں گی جس میں کرداروں کے بلیک یا وائٹ نہیں بلکہ گرے شیڈز ہوں گے۔

کنگنا کی باتیں سن کر اندازہ ہو رہا ہے کہ اب انڈسٹری میں کئی بڑے بڑے ناموں کا جنازہ نکلنے والا ہے۔ کنگنا پہلے بھی کھلے عام کئی بڑے ناموں پر مختلف الزامات لگا چکی ہیں جن میں اداکار ریتک روشن، ادتیہ پنچولی اور کرن جوہر شامل ہیں۔

ویسے کنگنا ایک ایسی اداکارہ ہیں جنھوں نے 'اقربا پرور' کہی جانے والی انڈسٹری میں اپنی شرطوں پر نہ صرف کام کیا بلکہ ایک مثالی کامیابی بھی حاصل کی تو انکی کہانی انڈسٹری میں آنے والی لڑکیوں کے لیے ایک تحریک بن سکتی ہے۔

کرن جوہر

انڈین اداکار اور ہدایت کار کرن جوہر

ویلنٹائنز ڈے پر کرن جوہر کی تلاش ختم

اس ہفتے ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر فلسماز کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر اعلان کر دیا کہ اب انہوں نے محبت کی تلاش بند کردی ہے۔ ٹوئٹر پر کرن نے لکھا کہ 'میں چھیالیس سال سے محبت تلاش کر رہا تھا لیکن اب محبت کو مجھ تک خود پہنچنا ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی اس ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’گلی بوائے‘ کا پروموشن کرتے ہوئے اسی کا ڈائیلاگ لکھا ’اپنا ٹائم آئے گا‘۔

کرن نے کافی عرصہ پہلے یہ تسلیم کیا تھا کہ انھیں سکول کے زمانے میں ٹوئنکل کھنہ جوانکی کلاس میں پڑھا کرتی تھیں ان سے محبت تھی جس کے جواب میں ٹوئنکل کھنہ نے کہا تھا ہاں کرن مجھ سے محبت کرتا تھا کیونکہ اس وقت میری ہلکی ہلکی موچھیں ہوا کرتی تھیں اس لیے کرن مجھے ہاٹ کہا کرتا تھا۔ کرن اور ٹوئنکل کی باتوں سے اندازہ ہوا ٹوئنکل واقعی کرن کی پسند کو اُسی زمانے سے کتنی اچھی طرح جانتی تھیں۔

سلمان خان

سلمان خان فلمز کے بینر تلے بننے والی نئی فلم ’نوٹ بک‘ کا پوسٹر

سلمان خان کی ’نوٹ بک‘

ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر ہی سلمان خان نے بھی ٹوئٹر کا رخ کیا اور ایک پوسٹر کے ساتھ اپنے پروڈکشن ہاؤس کی ایک نئی فلم کا تعارف کروایا۔

فلم کا ٹائٹل ہے ’نوٹ بُک‘ اور پوسٹر میں سلمان کے ایک دوست کے بیٹے ظہیر اقبال اور دوسرے دوست مہنیش بہل کی بیٹی پرانوتن بہل ہیں۔

پوسٹر پر لکھا تھا ’بِنا ملے کبھی پیار ہو سکتا ہے کیا‘۔ اب پیار بغیر دیکھ ہو سکتا ہے یا نہیں اس کا جواب ہر ایک کے حالات اور زندگی پر منحصر کرتا ہے ہاں سلمان خان اپنے دوستوں کے لیے کیا کچھ کر سکتے ہیں یہ پوری انڈسٹری کو معلوم ہے کہ بھائی کی نہ دوستی کا ٹھکانا ہے اور نہ دشمنی کا چاہیں تو وویک اوبرائے سے پوچھ لیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *