امریکی گلوکارہ کی حرکتوں پر ان کے والد شرمسار

زیادہ تر شوبز شخصیات اور گلوکارائیں سوشل میڈیا پر نہ صرف متحرک رہتیں ہیں بلکہ وہ ایسا مواد بھی شیئر کرتی رہتی ہیں جس وجہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔

اگرچہ شوبز شخصیات اپنے مواد کی وجہ سے تنقید کرنے والوں کو پاگل قرار دے کر انہیں اظہار رائے کی آزادی کے مخالف قرار دیتی ہیں۔

تاہم حقیقت یہی ہے کہ ہر شخص کو ہر طرح کا مواد پسند نہیں آتا۔

شوبز شخصیات کو زیادہ تر ان کی نیم عریاں تصاویر اور ویڈیوز سمیت ان کی جانب سے نامناسب الفاظ میں شیئر کیے مواد پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اپنے مواد کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بننے والی شخصیات میں امریکی گلوکارہ بے بی ریکسا بھی شامل ہیں، جنہیں نہ صرف عوام بلکہ اپنے ہی خاندان کی جانب سے بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔

بے بی ریکسا اپنے انسٹاگرام، ٹوئٹر اور فیس بک پر نہ صرف نیم عریاں، انتہائی بولڈ اور نامناسب انداز میں کھچوائی گئی تصاویر بلکہ فحش الفاظ میں لکھے گئے جملے شیئر کرنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنتی رہتی ہیں۔

جہاں بے بی ریکسا کو عام افراد کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، وہیں انہیں ان کے والد کی جانب سے ہر بار نصیحت سننے کوملتی ہے، تاہم وہ اپنے کام سے باز نہیں آتیں۔

حال ہی میں بے بی ریکسا کی جانب سے نامناسب مواد شیئر کیے جانے پر انہیں ان کے والد نے سخت ڈانٹ پلاتے ہوئے پیغام دیا کہ وہ ایسا فحش مواد شیئر کرنا بند کردیں جس کے باعث ان سمیت لوگوں کی دل آزاری ہوتی ہے۔

گلوکارہ کو پہلے بھی والد ڈانٹ پلا چکے ہیں

گلوکارہ کو پہلے بھی والد ڈانٹ پلا چکے ہیں

ہولی وڈ لائف کے مطابق بے بی ریکسا نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنے والد کی جانب سے بھیجے گئے میسیج کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں ان کے والد ان سے فحش مواد کو شیئر نہ کرنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔

گلوکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں پڑھا جاسکتا ہے کہ ان کے والد بیٹی کی جانب سے شیئر کی جانے والی نیم عریاں تصاویر، ویڈیوز اور فحش الفاظ پر مشتمل پوسٹوں پر شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔

بے بی ریکسا کے والد نے اپنی بیٹی کو بھیجے گئے پیغام میں لکھا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں تو لوگوں کے سامنے انہیں شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔

گلوکارہ کے والد نے اپنی بیٹی کی جانب سے شیئر کیے گئے تمام مواد کو پورنوگرافی کا پھیلاؤ قرار دیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایسے مواد کی تشہیر کرنا بند کردیں۔

ہولی وڈ لائف کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بے بی ریکسا کے والد نے انہیں نازیبا اور فحش مواد شیئر کرنے سے روکا ہو، وہ پہلے بھی انہیں ایسے مواد پر ہدایت کرتے آئے ہیں۔

بے بی ریکسا بھی اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے یہ کہ چکی ہیں کہ ان کے والد ان سے نفرت کرتے ہیں اور حیرت ہے کہ وہ ابھی تک ان کے والد ہیں۔

خیال رہے کہ 29 سالہ بے بی ریکسا نے 2013 سے گلوکاری کی شروعات کی اور اب تک متعدد مشہور گانے دے چکی ہیں۔ وہ موسیقی کے حوالے سے معتبر ترین گریمی ایوارڈ بھی جیت چکی ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *