کھیل

پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث منسوخ، پاکستان رینکنگ میں بدستور سرفہرست

Share

لاہور میں بارش کی وجہ سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جانے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اس میچ کی منسوخی کے نتیجے میں پاکستان نے تین میچوں کی اس سیریز میں دو صفر سے فتح حاصل کر لی ہے۔

یہ لگاتار چار ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کی پہلی فتح ہے اور اس فتح کے نتیجے میں وہ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ برس 10 میں سے صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔ آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔

پاکستان نے سیریز کے پہلے دونوں میچوں میں جیت حاصل کی تھی۔ 25 جنوری کو کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس سے قبل 24 جنوری کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 142 رنز کا ہدف پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے تھے۔

اس میچ کے لیے پاکستان نے بابر اعظم کی قیادت میں جو ٹیم میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا تھا ان میں دو نئے کھلاڑی حارث رؤف اور احسان علی بھی شامل تھے۔ حارث رؤف آسٹریلیا میں بگ بیش میں اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے والے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان

سیریز کا پس منظر

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کا یہ دورۂ پاکستان اپنے شیڈول اور نوعیت کی وجہ سے تنازع کا شکار بھی رہا۔ تین مراحل پر مشتمل اس دورے میں بنگلہ دیش نے تین ٹی 20، ایک ون ڈے جبکہ دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ابتدا میں دورے کی طوالت اور اس دوران سکیورٹی کو بنیاد بنا کر صرف ٹی 20 میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی تاہم پاکستان مُصر تھا کہ سری لنکا کی ٹیم کے پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بنگلہ دیش کے پاس نیوٹرل مقام پر ٹیسٹ سیریز کی فرمائش کا جواز نہیں۔

بعدازاں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی کوششوں کے نتیجے میں ڈیڈ لاک ختم ہوا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 12 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے دس جیتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اس سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اپریل 2008 میں کراچی میں کھیلا گیا تھا جو پاکستان نے ایک سو دو رنز سے جیتا تھا۔

یہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا گیا اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی تھا۔