جاپان: بانیِ پاکستان محمد علی جناح کے پڑ نواسے نیس واڈیا بھنگ کے ساتھ پکڑے گئے

انڈیا کی معروف کاروباری شخصیت اور آئی پی ایل کی کرکٹ ٹیم کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک نیس واڈیا کو جاپان میں بھنگ رکھنے کے الزام میں مارچ میں حراست میں لیا گیا تھا۔

جاپان کے سرکاری براڈ کاسٹر (این ایچ کے) کے ہوكیڈو ریڈیو سٹیشن پر نیس واڈیا کے حراست میں لیے جانے سے متعلق رپورٹ نشر ہوئی جس کے مطابق انھیں 25 گرام بھنگ سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور انھیں دو سال کی معطل سزا سنائی گئی۔

اس انکشاف کے بعد ان کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس ٹیم کی شریک مالک بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا بھی ہیں۔

بانیِ پاکستان محمد علی جناح کے پڑ نواسے نیس واڈیا کے پاس سے جو بھنگ برآمد ہوئی اس کی قیمت ڈیڑھ لاکھ جاپانی ین بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 47 سالہ نیس واڈیا نے حکام کو بتایا کہ بھنگ ان کے اپنے استعمال کے لیے تھی۔

اڈیا گروپ کے ترجمان کے مطابق: 'نیس واڈیا فی الحال انڈیا میں ہیں، فیصلہ واضح ہے۔ یہ معطل سزا جیسی بات ہے۔ لہذا نیس واڈیا اپنی دوسری تمام ذمہ داریاں ادا کر سکتے ہیں۔'

تاہم آزاد ذرائع سے اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ نیس واڈیا فی الحال انڈیا میں ہیں یا جاپان میں ہیں۔

نیس واڈیا اور پریتی زنٹا

دوسری جانب انڈین میڈیا میں یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ ان کی سزا کی وجہ سے ان کی ٹیم کنگز الیون پنجاب مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے جس کے وہ شریک بانی ہیں۔

آئی پی ایل کے آپریشنل قانون کے مطابق کوئی ٹیم آفیشیئل ایسے برتاؤ نہیں کر سکتا جس سے ٹیم، لیگ، بی سی سی آئی یا پھر اس کھیل کی بدنامی ہو۔

انڈیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹر کی تین مئی کو ہونے والی میٹنگ میں اس معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا یہ معاملہ آئی پی ایل کی ایتھکس کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔

اس سے قبل سٹے کے معاملے میں چینئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کی ٹیم کو دو سال کے لیے آئی پی ایل سے خارج کیا جا چکا ہے۔

جاپانی پولیس کے مطابق واڈیا کو تین مارچ کو نیو چیتوسا ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ان پر 25 گرام بھنگ سمگل کرنے کا الزام تھا۔ ان نے بھنگ جیب میں رکھا ہوا تھی اور انھیں ڈرگز کی جانچ کے ماہر کتے نے پکڑوایا تھا۔

این ایچ کے کی رپورٹ کے مطابق پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

نیس واڈیا اور بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا کا افیئر ایک زمانے میں سرخیوں میں تھا لیکن دس سال قبل سنہ 2009 میں دونوں علیحدہ ہو گئے تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *