’بینائی بچانی ہے تو سگریٹ نوشی سے جان چھڑانی ہو گی‘

ماہرین صحت نے تنبیہ کی ہے کہ ایسے لاکھوں افراد جو تمباکو نوشی کی علت میں مبتلا ہیں وہ اپنی بینائی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

اگرچہ تمباکو نوشی کا بینائی پر اثر ہونا ایک معلوم حقیقت ہے تاہم ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس کے ایک حالیہ سروے کے مطابق ہر پانچ تمباکو نوش افراد میں سے صرف فرد اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ تمباکو نوشی اندھے پن کا بھی باعث بن سکتی ہے۔

برطانیہ کے رائل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلائنڈ پیپل (آر این آئی بی) کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں بینائی کھو دینے کی شرح ایسے نہ کرنے والے افراد کی نسبت دگنی ہوتی ہے۔

اور اس کی وجہ یہ ہے کہ تمباکو کا استعمال آنکھوں کو درپیش کئی مسائل میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

تمباکو نوشی آنکھوں کو کیسے متاثر کرتی ہے؟

سگریٹ میں کافی مہلک کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو آپ کی آنکھوں کو متاثر کر سکتے ہیں یا ان کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر دھاتیں جیسا کہ سیسہ اور تانبا آنکھ کے پردے میں اکھٹی ہو سکتی ہیں۔ آنکھ کے پردے کا کام آنکھ میں داخل ہونے والی روشنی کو فوکس کرنا ہے۔ آنکھ کے پردے کا متاثر ہونا بصارت میں دھندلے پن کی بنیادی وجہ ہے۔

تمباکو نوشی ذیابیطس کی وجہ سے بینائی میں پیدا ہو جانے والے مسائل میں بھی اضافے کا سبب بنتی ہے۔ کیونکہ اس کی وجہ سے آنکھ کے پیچھے موجود خون فراہم کرنے والی رگیں متاثر ہوتی ہیں۔

تمباکو نوش افراد میں عمر کے ساتھ بینائی میں آنے والا انحطاط تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کی نسبت تین گنا زیادہ ہو سکتا ہے۔ بینائی میں انحطاط کے باعث انسان ہر چیز کو واضح اور صاف انداز میں دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہو جاتا ہے۔

علاوہ ازیں تمباکو نوش افراد میں نظر کے اچانک کمزور ہو جانے کا اندیشہ تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد سے 16 گنا زیادہ ہوتا ہے۔ نظر کا اچانک کمزور ہونا بصری اعصابی نظام میں بگاڑ کی وجہ سے ہوتا ہے۔

تمباکو نوشی

تمباکو کا استعمال آنکھوں کو درپیش کئی مسائل میں اضافے کا باعث بنتا ہے

دو ہزار سے زائد افراد سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں 18 فیصد کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی اندھے پن یا نظر کے کمزور ہونے کا باعث بنتی ہے جبکہ 76 فیصد کو پتا تھا کہ تمباکو نوشی کا تعلق کینسر سے ہے۔

تاہم ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس کا کہنا ہے کہ بینائی کی حفاظت کے لیے سب سے بہترین آپشن تمباکو نوشی کو مکمل ترک کرنا یا اس عادت کو کم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ اپنی نظر کو باقاعدگی سے چیک کروائیں۔

ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس سے وابسطہ ماہر بصارت آئیشاہ فضلین کا کہنا ہے کہ 'لوگوں کا عمومی خیال یہ ہوتا ہے کہ تمباکو نوشی کا تعلق کینسر سے ہے۔ تاہم زیادہ تر افراد بینائی پر اس کے اثرات سے آگاہ ہی نہیں ہیں۔'

'تمباکو نوشی بینائی کے لیے خطرے کا باعث بننے والی کیفیات میں اضافے کرتی ہے جیسا کہ ڈھلتی عمر کے ساتھ نظر متاثر ہونا۔ اور یہ وہ خاص وجہ ہے جس کے باعث تمباکو نوشی کرنے والوں کو اس عادت کو ترک کرنے کے بارے میں ضرور سوچنا چاہیے۔'

تمباکو نوشی

برطانیہ میں ای سیگریٹ استعمال کرنے والے زیادہ تر افراد کا کہنا تھا کہ وہ ایسا تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کرنے کے لیے کر رہے ہیں

تمباکو نوش افراد کی تعداد میں کمی

برطانیہ میں 17 فیصد مرد اور 13 فیصد خواتین تمباکو نوشی کرتی ہیں۔ برطانیہ میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد 74 لاکھ ہے۔ جبکہ 61 فیصد تمباکو نوشی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ اس عادت سے اپنی جان چھڑوانا چاہتے ہیں۔

برطانیہ کے قومی ادارہ شماریات سے ملنے والے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ وہاں تمباکو نوشی کرنے والے افراد کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ سنہ 2011 کے بعد 18 سے 24 سال کی عمر کے لوگوں میں تمباکو نوشی چھوڑنے والوں کی تعداد میں سب سے زیادہ کمی دیکھی جا رہی ہے۔

سنہ 2017 میں برطانیہ میں 28 لاکھ افراد، یا برطانیہ کی آبادی کا 5.5 فیصد، ای سیگریٹ استعمال کر رہے تھے۔ اور ای سیگریٹ استعمال کرنے والوں میں غالب اکثریت ایسے افراد کی تھی جو تمباکو نوشی کو ترک کرنے کے لیے ایسا کر رہے تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *