ٹی وی میزبان و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی عامر لیاقت حسین کو اداکارہ مہوش حیات کی بولڈ تصویر پر تنقید کرنے کے باعث لوگوں کی تنقید کا سامنا ہے۔
عامر لیاقت حسین نے 27 جنوری کو اپنے انسٹاگرام پر مہوش حیات کی ایک بولڈ تصویر شیئر کرتے ہوئے اردو کا محاورہ لکھا کہ ’تمہیں تمغہ کہوں یا نغمہ کہ سورج کہوں یا تارا، کیسے نام کرے گا روشن، دو جگ میں حال تمہارا‘۔
عامر لیاقت نے اداکارہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ’مہوش حیات‘ کے نام کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
ٹی وی میزبان کی جانب سے اداکارہ کی تصویر شیئر کیے جانے پر جہاں کچھ لوگوں نے ان سے اتفاق کیا، وہیں کئی افراد نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بتایا کہ وہ کچھ بھی کرلیں انہیں اداکارہ کی طرح ’تمعغہ امتیاز‘ نہیں ملے گا۔
کچھ افراد نے مہوش حیات کی ذاتی زندگی میں مداخلت کرنے پر بھی عامر لیاقت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں یاد دلایا کہ وہ اپنی حرکتیں بھول گئے۔
عامر لیاقت نے اداکارہ مہوش حیات کی جو تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی اداکارہ نے اسی تصویر کو ایک دن قبل ہی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ’خوبصورتی، آزادی، ناقابل تسخیر خودمختاری و حسن‘ سے متعلق قول لکھا تھا۔
اداکارہ کی جانب سے مذکورہ تصویر ٹوئٹر پر شیئر کیے جانے پر بھی لوگوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ انہیں اس قدر نیم عریاں یا بولڈ تصویر نہیں بنوانی چاہیے تھی۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عامر لیاقت حسین نے مہوش حیات کے کسی انداز پر تنقید کی ہو، اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں بھی انہوں نے اداکارہ کو ’آئٹم گرل‘ کہا تھا۔
رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے ایرانی سپہ سالار جنرل قاسم سلیمانی کے حوالے سے مہوش حیات کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ پر عامر لیاقت نے تنقید کی تھی اور انہیں ’آئٹم گرل‘ قرار دیا تھا۔
عامر لیاقت نے مہوش حیات پر تنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘تمغہ امتیاز کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آئٹم گرل امتیازی بیانات دیں’۔
اس سے قبل مارچ 2017 میں بھی عامر لیاقت حسین نے اداکارہ کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب انہیں صدارتی ایوارڈ ’تمغہ امتیاز‘ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
عامر لیاقت حسین نے اداکارہ کو ٹوئٹر پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے ان کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ میں کام کیا۔
عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا کہ فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کی پوری کہانی ان کی زندگی کے گرد گھومتی ہے اور وہ اس پر دونوں کے خلاف عدالت جائیں گے‘ تاہم تاحال انہوں نے عدالت سے رجوع نہیں کیا۔