ڈومیسٹک ٹیموں کے انتخاب کیلئے تین رکنی پینل کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ڈومیسٹک ٹیموں کے انتخاب کے لیے آزاد ماہرین پر مشتمل پینل کا اعلان کردیا ہے جس میں تین سابق کھلاڑی میں شامل ہیں۔

نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر میں ڈومیسٹک ٹیموں کے انتخاب کے لیے نیا فارمولہ ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت تین رکنی آزاد پینل ٹیموں کا انتخاب کرے گا۔

یہ تین رکنی پینل قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس میں سابق کپتان مصباح الحق، سابق کپتان راشد لطیف اور ندیم خان شامل ہیں۔

مذکورہ پینل جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں مشاورت کے بعد ایسوسی ایشن کی کرکٹ ٹیموں کو حتمی شکل دے گا۔

آزادانہ پینل تمام ایسوسی ایشنز کے لیے 32 کھلاڑیوں کے انتخاب کے ساتھ ساتھ فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے لیے کپتانوں کے نام بھی تجویز کرے گا۔

6 ایسوسی ایشن کی کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست جونیئر سلیکشن کمیٹی اور کوچز سمیت قومی کرکٹ ٹیم کی گزشتہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے ترتیب دی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور ہم تمام ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کی کوشش کریں گے۔

پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کو امید ہے کہ پینل سے کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل میں شفافیت آئے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ پینل کے قیام سے ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں میں کھلاڑیوں کا انتخاب اقرباپروری کی بجائے شفافیت پر مبنی ہوگا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *