ملک بھر میں یومِ فضائیہ بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

کراچی: وطنِ عزیز کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے والے فضائیہ کے جانبازوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ فضائیہ بھر پور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے 7 ستمبر کے حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کراچی میں شہید پائلٹ راشد منہاس کی آخری آرام گاہ پر اہلِ خانہ اور فضائیہ کے افسران نے حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، ان کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اور پاک فضائیہ کے بینڈ نے سلامی بھی دی۔

یاد رہے کہ 1965 کی جنگ میں بری اور بحری افواج کے ساتھ ساتھ فضائیہ نے بھی پاک وطن کی جانب سے میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔

فضائیہ کے شاہین ایم ایم عالم نے ایک منٹ میں بھارت کے 5 طیارے مار گرا کر اسے بھاری نقصان پہنچایا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ روز 6 سمتبر کو ملک بھر میں یوم دفاع، یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا جس کا مقصد وطنِ عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

یومِ دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہوئی تھی جس سے خطاب کرتے ہوئے آْرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان کشمیریوں کو تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا۔

علاوہ ازیں یومِ دفاع کے سلسلے میں حکومتی عہدیداران نے شہدا کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی تھی۔

یوم دفاع کی مناسبت سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سہ پہر 3 بجے ملک بھر میں تمام دفاتر بند کردیے گئے تھے اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *