الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل، قاسم سوری عبوری طور پر ڈپٹی اسپیکر بحال

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی انتخابی کامیابی کالعدم قرار دینے سے متعلق الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے درخواست پر حتمی فیصلہ ہونے تک قاسم سوری کی اسمبلی رکنیت بحال کردی۔

عدالت عظمیٰ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف قاسم سوری کی اپیل پر سماعت کی اور اس درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

واضح رہے کہ قاسم سوری نے الیکشن ٹریبونل کی جانب سے انتخابات میں ان کی کامیابی کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف ایڈووکیٹ نعیم بخاری کے توسط سے اپیل دائر کی تھی۔

عدالت میں دائر اس درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن ٹریبونل نے شواہد کا جائزہ نہیں لیا جبکہ انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں ان کے موکل سے منسوب نہیں ہوسکتیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

اس معاملے پر آج عدالت میں سماعت ہوئی، جس میں قاسم سوری کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے، ساتھ ہی الیکشن کمیشن کو مذکورہ نشست پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے روک دیا۔

عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کا قاسم سوری کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا۔

الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ

خیال رہے کہ 27 ستمبر کو الیکشن ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 سے کامیاب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا تھا۔

قاسم سوری کی انتخابی کامیابی کو نوابزادہ لشکری رئیسانی نے چیلنج کیا تھا اور 2018 انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ لشکری رئیسانی ان 5 امیدواروں میں سے ایک تھے جنہوں نے این اے 265 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن انہیں قاسم سوری سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

الیکشن ٹریبونل نے این اے 265 کوئٹہ ٹو سے قاسم سوری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا تھا اور حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم بھی جاری کردیا تھا۔

جس کے بعد 2 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

واضح رہے کہ قاسم سوری نے عام انتخابات 2018 میں بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقہ 265 کوئٹہ 2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بعد ازاں وہ 15 اگست 2018 کو 183 ووٹز حاصل کرکے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *