واٹس ایپ اب لاکھوں پرانے فونز پر نہیں چلے گا
دنیا بھر میں مقبول میسجنگ سروس واٹس ایپ یکم فروری سے لاکھوں سمارٹ فونز پر چلنا بند ہو جائے گی۔
ایسے اینڈروئڈ اور ایپل سمارٹ فونز جن پر صرف پرانے آپریٹنگ سسٹمز چلائے جا سکتے ہیں، ان پر اب سے واٹس ایپ نہیں چلے گی۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا صارفین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اہم تھا۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ فیس بک کی ملکیت ہے۔
یکم فروری سے وہ سمارٹ فونز جو کہ اینڈروئڈ 2.3.7 یا آئی فون آئی او ایس 8 یا اس سے کوئی پرانا ورژن استعمال کر رہے ہیں وہ واٹس ایپ نہیں چلا سکیں گے۔
جن آپریٹنگ سسٹمز کو واٹس ایپ اب سپورٹ نہیں کرے گا، وہ ایسے ہیں جو کہ اب نہ تو نئے فونز میں ڈالے جاتے ہیں اور نہ ہی انھیں اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
زیادہ تر صارفین صرف اپنا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کر لیں تو وہ میسجنگ سروس دوبارہ استعمال کر سکیں گے۔
تاہم کچھ فونز جیسے کہ آئی فون 4 جس میں صرف آئی او ایس 7 چل سکتا ہے، وہ اب یہ ایپ نہیں چکا سکیں گے۔
سی سی ایس انسائٹ کے تجزیہ کار بن وڈ کا کہنا ہے کہ ’اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ان کی سروس محفوظ رہے، واٹس ایپ کے پاس اور کوئی چارہ نہیں تھا۔ مگر اب انھیں یہ مشکل آئے گی کہ ان کی ایپ پرانے فونز پر نہیں چلے گی۔‘
’اس کی وجہ سے اس کے صارفین کی تعداد پر برا اثر پڑے گا خاص کر ابھرتی ہوئی ماکیٹوں میں جہاں پرانے فونز کا تناسب زیادہ ہوتا ہے۔‘
گذشتہ ایک دہائی میں چوتھی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ، واٹس ایپ نے اس حوالے سے صارفین کو پہلی مرتبہ 2017 میں متنبہ کیا تھا۔
کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’یہ ہمارے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا مگر یہ درست فیصلہ ہے تاکہ ہم لوگوں کو اپنے پیاروں سے بات کرنے کے لیے بہتر سروسز فراہم کر سکیں۔‘
یاد رہے کہ واٹس ایپ نے 2016 میں کئی فونز کے لیے سپورٹ ختم کر دی تھی اور 31 دسمبر 2019 کو تمام وینڈوز فونز کے لیے بھی سپورٹ ختم کر دی تھی۔