’چٹکی والی‘ ایموجی: آخر اس کا مطلب کیا ہے؟
کیا یہ بےیقینی کا اظہار ہے، دوسروں کو یہ کہنے کا ایک طریقہ کہ وہ خاموش رہیں یا کسی گلوکارہ کی جانب سے اپنے مداحوں کو کیا گیا ایک دل لبھانے والا اشارہ؟
درحقیقت یہ دنیا بھر میں معیاری ایموجیز کو منظور کرنے والے ادارے ’یونی کوڈ کنسورشیم‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک نئی ایموجی ہے۔ اس ایموجی کو ’پنچڈ فنگرز‘ (یعنی چٹکی کی شکل میں جڑی ہوئی انگلیاں) کا نام دیا گیا۔
یہ ایموجی کس کیفیت کا اظہار ہے اس کا دارومدار اس بات پر ہے آپ کس ملک میں رہتے ہیں۔ شاید دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے افراد کے لیے اس ایموجی کا مختلف مطلب ہو سکتا ہے۔
ایموجی بنانے والے تخلیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس ایموجی کا مقصد اٹلی کی ثقافت کا اظہار ہے اور یہ ایسے ہی ہے جیسے کسی اٹلی کے باشندے کی جانب سے پوچھا جائے کہ ’آپ کیا چاہتے ہیں؟‘
مگر اس وضاحت کے باوجود بھی دنیا بھر میں اس ایموجی کے مختلف معنی اخذ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ایموجی کا باقاعدہ افتتاح جنوری 2020 میں ہوا ہے۔
اس ایموجی کی 14 صفحات پر مشتمل تجاویز میں اس کے تخلیق کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اٹلی کی ثقافت کا ایک اظہار ہے کیونکہ ’ہر کوئی جانتا ہے کہ اٹلی کے باشندے بولتے ہوئے اپنے ہاتھوں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں‘ مگر دنیا کے کسی اور حصے میں اس ایموجی کا مختلف مطلب بھی اخذ کیا جا سکتا ہے۔
’ہمیں امید ہے کہ اٹلی کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی اس ایموجی کا بہت زیادہ استعمال کیا جائے گا کیونکہ اٹلی کی ثقافت اور طرز زندگی دنیا بھر میں مشہور ہے۔‘
تخلیق کاروں کا مزید کہا ہے کہ ’دنیا بھر کی مختلف ثقافتوں میں انگلیوں کی اس مخصوص ترتیب کا استعمال کرنے والے افراد ملیں گے، سادہ الفاظ میں انگلیوں کی یہ بناوٹ دستخط کرتے ہوئے بنتی ہے۔‘
صحافی کِم زیٹر کے مطابق اگر آپ اسرائیل میں ہیں تو اس اشارے کے بہت سے مختلف مطلب ہو سکتے ہیں۔ اسرائیل میں آپ انگلیوں کی مدد سے ایسا اشارہ تب کرتے ہیں جب آپ کسی سے خفا یا غصہ ہوتے ہیں۔ اس کے مختلف مطلب یہ ہو سکتے ہیں ’تھوڑا انتظار کیجیے‘ یا ’ایک منٹ روکیے‘ یا ’صبر کیجیے۔‘ ’میرے خیال میں یہ نئی ایموجی پریشان کُن ہو گی۔‘
نائجیریا میں اس ایموجی کا مطلب دلیل دینا جبکہ انڈیا میں کسی سے یہ پوچھنے کا اظہار ہو سکتا ہے کہ آیا وہ بھوکا ہے۔
عرب دنیا میں یہ وہ اشارہ ہو سکتا ہے جو وہاں کی خواتین اپنے بچے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
امیل الحکیم نامی ایک ٹوئٹر صارف کے مطابق عرب دنیا میں اس کے ایک دوسرے سے انتہائی مختلف مطلب ہو سکتے ہیں۔ اس کا یہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ ’آرام سے، انتظار کیجیے، صبر کیجیے، خاموش‘ جبکہ اس کا یہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ جیسے کسی کو دھمکی دی جائے کہ ہم آپ کو دیکھ لیں گے۔
چند افراد ایسے بھی ہیں جو انتہائی مزاحیہ انداز میں اس اشارے کا مقصد بیان کر رہے ہیں جیسا کہ ایک شخص کا کہنا ہے کہ یہ ہاتھ کی مدد سے کھانے کا لقمہ لینے جیسا ہے جبکہ ایک شخص نے کہا اگر اس ایموجی کو الٹا کر کے دیکھیں تو یہ ’ایک چٹکی نمک‘ کا اظہار ہے۔
کچھ لوگ وہ بھی جنھیں یہ ایموجی دیکھ کر مشہور گلوکارہ یوری یاد آ جاتی ہیں۔ وہ پہلے ہی اپنی انگلیوں کی مدد سے ایسا نشان بناتی ہیں جس کا مقصد اپنے مداحوں کو یہ بتانا ہے کہ وہ ان سے محبت کرتی ہیں۔
سنہ 2020 میں بہت سی نئی ایموجیز ریلیز کی جائیں گی جن میں شادی سے متعلق مگر صنفی طور پر غیر جانب دار ایموجیز اور ہم جنس پرست پرچم کی ایموجی بھی شامل ہو گی۔
ایسی ہی ایک ایموجی پک اپ ٹرک کی ہے اور اس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ایموجیز کو منظور کرنے والے ادارے یونی کوڈ نے ایسے مشہور زمانہ فورڈ ٹرک سے متاثر ہو کر تخلیق کیا تھا، بعد ازاں فورڈ کمپنی نے اس ایموجی کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی شروع کی تھی۔
سنہ 2020 میں 117 نئی ایموجیز ریلیز کی جائیں گی۔