ملیحہ لودھی اہم مشاورت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئیں

MalihaLodhiUNاقوامِ متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی اہم امور پر مشاورت کے لیے اسلام آباد پہنچی ہیں۔ وہ رواں برس ستمبر میں وزیراعظم کے متوقع امریکی دورے کے علاوہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کے معاملے پر بھی مشاورت میں شریک ہوں گی۔ ملیحہ لودھی ہندوستان کی پاکستان میں مداخلت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو لکھے جانے والے خط کے بارے میں بھی مشاورت کریں گی۔
ستمبر میں وزیراعظم نواز شریف اقوم متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرنے کے علاوہ کئی سربراہ کانفرنسوں میں شرکت کریں گے۔ مبصرین کے مطابق وزیراعظم کا یہ امریکی دورہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے معمول کے دورے کی نسبت خاصی اہمیت کا حامل ہو گا۔ اطلاعات کے مطابق اس عالمی فورم پر پاکستانی معاملات میں ہندوستانی مداخلت کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے بارے میں مشاورت کی جارہی ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا یہ اجلاس عالمی ادارے کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوگا، اور اس موقع پر اراکین ممالک پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی امن کے بارے میں اہم فیصلے کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف ’2015ء کے بعد کا ترقیاتی ایجنڈا‘ کے موضوع پر ہونے والی ایک سربراہی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جس میں دور رس اہداف پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ نواز شریف امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ قیام امن پر ایک سربراہ کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ دنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے قیامِ امن کے مشن میں پاکستانی فوجیوں کی سب سے زیادہ تعداد شامل ہے۔ چین کے صدر ژی جن پنگ جنوبی ملکوں کے تعاون پر ایک سربراہی کانفرنس کی میزبانی کریں گے، جس میں پاکستان فعال حصہ لے گا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *