بلیک بیری برائے فروخت

BlackBerryسمارٹ فون بنانے والی کمپنی بلیک بیری نے اصولی طور پر فیئر فیکس کی سرکردگی میں قائم ایک کنسورشیم کی جانب سے خریدنے جانے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

فیئر فیکس فائنینشل نے بلیک بیری کو چار اعشاریہ سات بلین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی ہے جسے کمپنی نے اصولی طور پر منظور کیا۔
بلیک بیری نے ایک بیان میں کہا کہ فیئر فیکس جو اس کے حصص کا دس فیصد حصہ رکھتی ہے نے نو ڈالر فی حصہ کیش ان حصص کو خریدنے کی پیشکش کی ہے۔

بلیک بیری کا کہنا ہے جب تک فیئر فیکس سے مذاکرات جاری ہیں تب تک دوسرے آپشنز پر غور جاری رہے گا۔

جمعے کو بلیک بیری نے اعلان کیا تھا کہ خسارے کو کم کرنے کے لیے پینالیس سو ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔

کینیڈا میں قائم بلیک بیری کا کہنا تھا کہ اسے ایک بلین ڈالر تک کے نقصانات کی توقع ہے جس کی وجہ اس کے موبائل فونوں کی بری کارکردگی ہے۔
بلیک بیری نے کہا ہے کہ ممکنہ فروخت کے بارے میں بات چیت صرف فیئر فیکس کے ساتھ نہیں ہو رہی بلکہ وہ سرگرمی سے ممکنہ خریداروں کے ساتھ بات چیت اور ان کی جانب سے پیشکشوں کا جائزہ لینے میں مصروف ہے۔

فیئر فیکس کے سربراہ پریم واٹسا نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ اس معاہدے سے بلیک بیری کے صارفین، ملازمین اور کیرئیرز کے لیے ایک نیا باب شروع ہو گا‘۔

بلیک بیری کے مالی حالات اس کے تازہ ترین ماڈل زیڈ ٹین کی مایوس کُن فروخت کے نتیجے میں خراب ہوئے جسے جنوری میں جاری کیا گیا تھا مگر اس نے صارفین کی توجہ حاصل نہیں کی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *