رنگ سانولا کرنے کیلئے بہت جتن کیے: شنیرا اکرم
سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنا رنگ سانولا کرنے کے لیے بہت جتن کیے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شنیرا کی جانب سے شیئر کردہ ایک تفصیلی پیغام میں گورا رنگ رکھنے کی شوقین لڑکیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ جیسا سانولا یا گندمی رنگ رکھنے کی شوقین دنیا میں مجھ سمیت ہزاروں خواتین ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام کے آغاز میں اُن تمام لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ہزاروں لڑکیاں یہ خواہش رکھتی ہیں کہ وہ گندمی رنگت کی مالک ہوتیں ، میرا شمار بھی ایسی ہی لڑکیوں میں ہوتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانی میں انہوں نے اپنا رنگ سانولا کرنے کے لیے بہت جتن کئے، ہمارے ذہن میں یہی بات ڈالی گئی تھی گندمی رنگت زیادہ پُرکشش ہوتی ہے، اسی رنگت کو حاصل کرنے کی کوشش میں ہم تین سے چار گھنٹے تک دھوپ میں بیٹھتے تھے۔
شنیرا نے یہ بھی بتایا کہ ہم اپنی نوجوانی کے دور میں اپنے چہرے اور جسموں پر نقصان دہ تیل لگاتے تھے جو اسکن کینسر ، جلدی بیماریوں، جھریوں کا باعث بن سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر سورج کی روشنی دستیاب نہ ہوتی تو ہم اپنے فیس پر ڈائی رگڑتے تا کہ چہرہ سانولا لگے۔
اپنے پیغام کے آخر میں سانولی رنگت کی حامل لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے اس پیغام کا مقصد یہی ہے کہ گندمی رنگ والی لڑکیاں اپنا رنگ گورا کرنے کی کوششیں کرکے خود کو تبدیل نہ کریں آپ جیسی ہیں اسی کے ساتھ خوش رہیں، دنیا میں کتنی ہی لڑکیاں ایسی ہیں جو آپ جیسی بننے کی خواہشمند ہیں۔